عمران خان اقتدارمیں آنے کیلئے چور دروازہ تلاش کر رہے ہیں،مگر انہیں امپائر نہیں مل رہا، پیپلز پارٹی جمہوری پراجیکٹ ڈی ریل نہیں کرے گی، شریف خاندان کی بیرون ملک لندن کے فلیٹ کے علاوہ کوئی جائیداد نہیں،جہانگیر ترین کا سیاسی حلقہ نہیں ہے ۔ جہانگیر ترین ، علیم خان اور پرویز خٹک نے الیکشن میں پیسہ چلایا

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

اتوار 8 مئی 2016 10:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8مئی۔2016ء )وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان اربوں روپے کے گھر میں رہ کر صرف ایک لاکھ روپے ٹیکس دیتے ہیں، پیپلز پارٹی جمہوری پراجیکٹ ڈی ریل نہیں کرے گی ،عمران خان اقتدارمیں آنے کے لیے چور دروازے تلاش کر رہے ہیں مگر انہیں امپائر نہیں مل رہا ۔ حسین اور حسن نواز نان ریزیڈنٹ پاکستانی ہیں انہیں نکالا گیا تھا،حمزہ اور میں کبھی جلاوطن نہیں کئے گئے ، لندن کے فلیٹ کے علاوہ ملک سے باہر کوئی جائیداد نہیں ہے ۔

وہ ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی بیرون ملک لندن کے فلیٹ کے علاوہ کوئی جائیداد نہیں ہے ۔ حسین اور حسن نواز نان ریزیڈنٹ پاکستانی ہیں انہیں پاکستان سے نکال دیا گیا تھا جبکہ میں اور حمزہ کبھی جلا وطن نہیں کئے گئے ۔

(جاری ہے)

سلیمان شہباز نے کہا کہ ہمارے دادا میاں شریف سٹیل ، شوگر ملیں ، ٹیکسٹائل ،پیپر ملیں اور ایگریکلچر وغیرہ میں وہ کاروبار کرتے تھے اور سات خاندان 50سال تک ان کی لیڈرشپ میں چلے جسے ہاؤس آف اتفاق کہا جاتا تھا۔

پھر1990میں فیملی تقسیم ہوئی تو شریف فیملی کے پاس 2شوگر ملز اور ایگریکلچر لینڈز آئیں ۔ اس کے بعد 2007میں ایک بار پھر کاروبار تقسیم ہوئے جس میں میاں نوازشریف ، شہباز شریف اور عباس شریف میں کاروبار تقسیم کئے گئے اس کے بعد ہمارے پاس ایک فیکٹری اور ایگریکچر کی کچھ زمین رہ گئی ۔انہوں نے کہا کہ ابھی میرے اور حمزہ کے درمیان کوئی تقسیم نہیں ہوئی ہمارا تمام بزنس اکٹھا چل رہا ہے اور میاں نوازشریف کے بیٹوں میں بھی ابھی مزید کاروبار تقسیم نہیں کیا گیا ۔

سلیمان شہباز نے کہا کہ میرے دادا نے 1991میں جو شوگر مل لگائی تھی آج بھی وہی ہمارے پاس ایک ہی مل ہے جس کو ہم جدید بنایا اور نئی ٹیکنالوجی اس میں متعارف کروائی۔ وہاں سے ایک ڈیری فارم بنایا اور پولٹری انڈسٹری میں بھی حصہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام جائیداد ڈکلیئرڈ ہے ٹیکس بھی ریگولرلی ادا کئے جاتے ہیں اور تمام اثاثے پاکستان کے اندر ہیں ۔

سلیمان شہباز نے کہا کہ عمران خان کو ہمیں چیلنج کرنے سے اپنا کاروبار اور ذریعہ آمدن بتاناچاہئیے کیا کرکٹ کمنٹری سے 2ارب روپے کا گھر بن سکتا ہے وہ اپنے گھر اور پارٹی مینٹین رکھنے کے لئے پیسہ کہاں سے لاتے ہیں اور پارٹی کی فنڈنگ کہاں کہاں سے آرہی ہے ۔ سلیمان شہباز نے کہا کہ علیم خان قبضہ مافیا جبکہ جہانگیر ترین شوگر مافیا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین تو اپنے سالے کا حصہ بھی کھا گئے ۔

مخدوم احمد محمود جو ان کے برادران لاء بڑے اچھے آدمی ہیں ان کا جہانگیر ترین کے ساتھ فیکٹری میں حصہ تھا ۔عدالت میں یہ ثابت ہوا کہ جہانگیر ترین نے اپنے سالے مخدوم احمد محمود کے ساتھ فراڈ کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز اپنے والد کی سیاست میں مثبت انداز میں مدد کررہی ہیں ۔ میں اگر سیاست میں آیا تو پھر فل ٹائم سیاست ہی کروں گا ۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کا سیاسی حلقہ نہیں ہے ۔ جہانگیر ترین ، علیم خان اور پرویز خٹک نے الیکشن میں پیسہ چلایا ۔سلیمان شہباز نے کہا کہ کے پی کے میں خیبر بینک سکینڈل میں عمران خان نے صرف ایک رکنی کمیشن بنایا ۔عمران خان اربوں روپے کے گھر میں رہ کر صرف ایک لاکھ روپے ٹیکس دیتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری پراجیکٹ ڈی ریل نہیں کرے گی ۔عمران خان پاور میں آنے کے لیے چور دروازے تلاش کر رہے ہیں مگر انہیں امپائر نہیں مل رہا ۔