وزیراعظم آرمی چیف ملاقات،کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کا فیصلہ

کرپشن کسی بھی ادارے یا کسی بھی سطح پر ہو اس پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد ہونے والی اہم ترین ملاقات میں اتفاق آرمی چیف نے وزیراعظم نواز شریف کو پانامہ لیکس ایشو کو جلد حل کرنے کیلئے کہا،نجی ٹی وی نے اپنے مصدقہ ذرائع کے حوالے سے دعویٰ میڈیا قیاس آرائیوں پر مبنی خبریں جاری نہ کرے،ترجمان، ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی، وزیراعظم کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس اجلاس میں دہشت گردی کیخلاف آپریشن کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیراعظم اور جنرل راحیل شریف کو بریفنگ دی

بدھ 11 مئی 2016 10:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2016ء) وزیراعظم میاں نواز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد ہونے والی اس اہم ترین ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ کرپشن کسی بھی ادارے میں ہو اور کسی بھی سطح پر اس پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ جبکہ ایک نجی ٹی وی نے اپنے مصدقہ ذرائع سے دعویٰ کیا ہے کہ آرمی چیف نے وزیراعظم میاں نواز شریف کو پانامہ لیکس کے ایشو کو جلد حل کرنے کیلئے کہا ہے کیونکہ پاکستان کو نہ صرف اندرونی طور پر بلکہ عالمی سطح پر کئی چیلنجز کا سامنا ہے ’ آرمی چیف نے زور دیا ہے کہ وفاقی حکومت پانامہ لیکس کے معاملے کو اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

اس خبر کے الیکٹرانک میڈیا پر جاری ہونے کے بعد وزیراعظم کے ترجمان کی طرف سے یہ بھی وضاحت جاری کی گئی کہ میڈیا اس اہم ترین ملاقات کے حوالے سے قیاس آرائیوں پر مبنی خبریں جاری نہ کرے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم اور آرمی چیف کو اس ون ٹو ون ملاقات کیلئے وزیر داخلہ چوہدری نثار خان اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے سخت محنت کی تھی کیونکہ ڈیڑھ ماہ سے وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات نہیں ہوئی تھی۔

یہ ملاقات ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔ اس ملاقات کے بعد امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بھی ایک اہم اجلاس وزیراعظم میاں نواز شریف کی صدارت میں ہوا۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار‘ وزیر داخلہ چوہدری نچار علی خان‘ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر خان کے علاوہ اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔

اس اجلاس میں ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور جنرل راحیل شریف کو بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب اور دیگر صوبوں کو جرائم پیشہ افراد کی گرفتاریوں کے بعد مزید سہولت کارون کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی اور اس کے بعد وزیراعظم نے اپنے قریبی ساتھیوں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مشاورت بھی کی۔