وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں پانامہ لیکس پر کوئی بات نہیں ہوئی، پانامہ لیکس کا مسئلہ اب صرف سیاسی نہیں رہا ، یہ فلم بہت ہٹ ہوئی تھی اب پٹ چکی ہے ،اپوزیشن لیڈر کی تقریر کا فالو اپ ضروری ہے ،نوازشریف جمعہ کو پارلیمنٹ سے خطاب میں اپوزیشن کے اعتراضات پر جواب دیں گے

وزیر دفاع خواجہ آصف کی نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 11 مئی 2016 10:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2016ء )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف جمعہ کو پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے اور اپوزیشن کے اعتراضات پر جواب دیں گے، وزیراعظم محمد نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات میں پانامہ لیکس پر کوئی بات نہیں ہوئی ،میڈیا میں اس کے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں ،وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں کوئی تیسرا آدمی موجود ہی نہیں تھا تو ایسی بات میڈیا تک کیسے پہنچ گئی ،پانامہ لیکس کا مسئلہ صرف سیاسی نہیں رہا ، یہ فلم پٹ چکی ہے ،اپوزیشن لیڈر کو کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں ان کی تقریر کا فالو اپ ضروری ہے ۔

وہ منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ون آن ون میٹنگ ہوئی ان کے درمیان کوئی تیسرا آدمی موجود نہیں تھا تو پھر پانامہ لیکس سے متعلق میڈیا میں خبریں کیسے پہنچ گئیں ۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں پانامہ لیکس کے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی ایسی سب خبریں بے بنیاد ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کی فلم بہت ہٹ ہوئی تھی مگر اب پٹ چکی ہے ۔پانامہ لیکس کی بات زیب داستان کے لئے گھڑی گئی ۔پانامہ لیکس کا مسئلہ صرف سیاسی نہیں رہا ۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارا ملک ترقی کی طرف رواں دواں ہے اور اس میں روڑے اٹکانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔پاکستان کو دشمنوں کی ملک کے اندر اور باہر کوئی کمی نہیں ہے ۔ملکی ترقی اس کے دشمنوں کے لئے برداشت سے باہر ہے مگر ہمیں یکجا ہو کے پوری قوم کو ایک ساتھ ترقی کا یہ سفر طے کرنا ہے ۔

وزیراعظم (آج) دوشنبے کے دورے پر جا رہے ہیں وہ کل واپس آجائیں گے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم انشاء اللہ جمعہ کو پارلیمنٹ سے خطاب بھی کریں گے جس کی اپوزیشن کی طرف سے بہت زیادہ ڈیمانڈ کی جا رہی ہے ۔اپوزیشن کے تمام اعتراضات پر پارلیمنٹ کے فورم پر کھڑے ہو کر جواب دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن لیڈر کو کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں ان کی تقریر کا فالو اپ دینا ضروری ہے ۔