وزیر اعظم (آج) نہیں پیرکو پارلیمنٹ میں پامانہ لیکس پر پالیسی بیان دینگے ،اپوزیشن نے وزیر اعظم کے خطاب کے دوران ماحول خراب نہ کرنے کی یقین دہانی کر ادی،ایوان کی کارروائی خوشگوار ماحول میں چلانا چاہتا ہوں

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خورشید شاہ سمیت دیگر اپوزیشن وحکومتی رہنماوں سے رابطے،ایوان کی کارروائی پر امن انداز میں چلانے پر مشاورت

جمعہ 13 مئی 2016 09:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مئی۔2016ء )قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے (آج) جمعہ کو قومی اسمبلی میں جانے کا پروگرام ملتوی کر دیا،وزیراعظم پیر کو پاناما لیکس پر ایوان میں پالیسی بیان دیں گے۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قائد حزب اختلاف خورشید شا ہ سمیت اپوزیشن اور حکومت کے اراکین سے رابطہ کیا اور وزیر اعظم کی پیر کے روز پارلیمنٹ میں آمد سے متعلق آگاہ کیا۔

رابطو ں کے دوران ایاز صادق نے کارروائی پر امن انداز میں مکمل کرنے کے لیے حکومتی وزراء سے بھی مشاورت کی۔بعد ازاں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا وزیراعظم کے پالیسی بیان پر اپوزیشن سے معاملات طے پاگئے ہیں۔ وزیراعظم کی موجودگی میں کارروائی خوشگوار ماحول میں چلانا چاہتا ہوں ،اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم کے خطاب کے دوران ماحول خراب نہ کرنے کی یقین دہانی کر ادی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ علیل ہیں وہ بھی پیر کو اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اپوزیشن نے وزیراعظم کے خطاب کے دوران ماحول خراب نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے اور حکومتی وزراسے بھی مشاورت کی ہے تاکہ کارروائی پرامن انداز میں مکمل ہو۔ ایاز صادق نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف (آج) جمعہ کو بھی ایوان میں آنا چاہیں تو ان کی مرضی ہے لیکن پاناما لیکس پر پالیسی بیان پیر کو ایوان میں دیں گے۔