نوازشریف خریدوفروخت کے معاہدے دکھا دیتے معاملہ ختم ہوجاتا،عمران خان

میرے پاس جائیداد کی خریدوفروخت کے تمام ثبوت ہیں،احتساب کے لئے تیار ہوں ، پیسہ لانا معیشت میں بہتری بیرون ملک لے جانا ملک کو تباہ کرتا ہے نواز شریف نے 1981ء سے 1993ء تک ماہانہ آمدن 22600روپے ظاہر کی اگر آمدن اتنی کم تھی تو پھر پیسہ کہاں سے آگیا،پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 17 مئی 2016 09:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ میرے پاس جائیداد کی خریدوفروخت کے تمام ثبوت ہیں ، نوازشریف بھی خریدوفروخت کے معاہدے دکھا دیتے تو معاملہ ختم ہوجاتا میں اپنے احتساب کے لئے تیار ہوں ، پیسہ ملک میں لانا ملک کی معیشت میں بہتری بیرون ملک لے جانا ملک کو تباہ کرنا ہے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم سے سات سوال پوچھے تھے انہوں نے جوابات نہیں دیئے مجھے لندن میں فلیٹ کا الزام ہے تو میرے پاس فلیٹ خریدنے اور اس کو فروخت کرنے کی سیل ڈیڈ ، رقم کی بذریعہ بینک پاکستان منتقلی کا ریکارڈ موجود ہے اور ایف بی آر میں دو ہزار دو کے میرے اثاثوں میں اس کا ریکارڈ موجود ہے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ انہوں نے دو ہزار پانچ میں فیئر فلیٹ خریدے تو وہ سیل ڈیڈ دکھادیں میں اپنی کمپنی فروخت کرکے رقم ملک کے اندر لایا ہوں آپ نے رقم ملک سے باہر منتقل کی پیسہ باہر لے جانا ملک کو تباہ کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پہلا فلیٹ 1993ء ، دوسرا اکتیس جولائی 1995ء ، تیسرا بھی 1995ء ، چوتھا 1995ء اور پانچواں دو ہزار چار میں خریدا تھا انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کہا کہ میرا بیرون ملک کاروبار سے کوئی تعلق نہیں تھا اورخود دو ہزار گیارہ میں اپنے اثاثوں میں مریم نواز کو منحصر ظاہر کیا اور مریم نواز اس وقت دو کمپنیوں کی مالک تھیں جس کا مطلب ہے کہ آپ مالک تھے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 1981ء سے 1993ء تک ماہانہ آمدن 22600روپے ظاہر کی اور اوسطاً اسی ہزار سالانہ ٹیکس دیا اگر ان کی آمدن اتنی کم تھی تو پھر پیسہ کہاں سے آگیا وزیراعظم نے اسمبلی میں سچ نہیں بولا اور صفائی پیش نہیں کیا انہوں نے کہا کہ میرے پاس تمام ریکارڈ موجود ہے اور میں احتساب کے لئے تیار ہوں انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں میرا نام نہیں آیا نواز شریف کا آیا ہے میں پھر بھی احتساب کیلئے تیار ہوں یہ چیزیں اب چھپنے والی نہیں ہیں ان کی ابھی مزید جائیدادیں نکلیں گی

متعلقہ عنوان :