سعودی عرب میں 2393 پاکستانی قید ہیں،سینیٹ میں انکشاف

یہ قیدی قتل، اقدام قتل ، منشیات چوری اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں،پاکستانی سفارتخانہ قانونی معاونت کررہا ہے، سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ثمینہ عابد کا اظہار خیال

جمعہ 20 مئی 2016 09:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مئی۔2016ء)سینٹ کو بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جیلوں میں قتل، اقدام قتل ، منشیات چوری اور دیگر جرائم میں ملوث2393پاکستانی قید ہیں جن کو قانونی امداد فراہم کرنے کیلئے پاکستانی سفارت خانہ اقدامات کر رہا ہے جمعرات کے روز سینٹ اجلاس کے وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر ثمینہ عابد کے سوال کے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کے شہروں ریاض اور جدہ میں مجموعی طور پر 2394پاکستانی مختلف جرائم کے سلسلے میں قید ہیں جن میں منشیات کے جرم میں 868پاکستانی،چوری کے جرم میں 358حرام کاری کے جرم میں 71قتل کے جرم میں 64جعلسازی کے جرم میں 271مختلف جھگڑوں کے جرم میں 37رشوت ستانی کے جرم میں 47جبکہ دیگر جرائم میں 677پاکستانی جیلوں میں قید ہیں جوب میں بتایا گیاکہ سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی مدد کیلئے پاکستانی مشن اقدامات کر رہے ہیں قیدیوں سے ملاقات اور ممکنہ قانونی امداد کیلئے ووکلا کا بندوبست کیا جاتا ہے جو قیدی اپنی سزا پوری کر لیتے ہیں انہیں ہنگامی طور پر واپس آنے کے لئے سفری دستاویزات جاری کی جا تی ہیں جن پاکستانیوں کی سزائیں پوری ہونے والی ہوں ان کے معاملات اٹھائے جاتے ہیں تاکہ ان کی رہائی میں تاخیر نہ ہو لیبر کورٹ کی استدعا پر ترجمہ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے ضرورت کے پیش نظر اثاثہ جات اور قانونی مشاورت کیلئے امداد فراہم کی جاتی ہے جبکہ پاکستانی قیدیوں کودرپیش مسائل متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائے جاتے ہیں ۔