قومی اسمبلی ، کل بھوشن یادیو کی گرفتاری کے معاملہ پر بحث کی اجازت نہ ملنے پر تحریک انصاف کا شدید احتجاج

اپوزیشن کی طرز حکمرانی اور عوامی مسائل کے حل میں ناکامی پر حکومت پر شدید تنقید انصاف پرمبنی پالیسیاں بنائی جائیں نواز شریف نے معاہدہ نہ ہونے کے باوجود ایک شہری کو برطانیہ کے حوالے کردیا ، اب برطانیہ اور امریکہ سے بھی مجرموں کو پاکستانی حکومت کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا جائے ، پی ٹی آئی اراکین ڈپٹی سپیکر اور پی ٹی آئی کے سرور خان کے مابین شدید جھڑپ،کیپٹن صفدر نے معاملہ ٹھنڈا کرایا فاٹا میں تلاشی کے نام پر عورتوں کی بے عزتی کی جارہی ہے، قبائل کے ساتھ اس طرح کے رویہ سے لوگوں کے اندر بغاوت کے جذبات پیدا ہونگے، جمال دین

ہفتہ 21 مئی 2016 09:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 مئی۔2016ء) قومی اسمبلی میں جمعہ کے روز بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کی گرفتاری کے معاملہ پر بحث کیلئے اجازت نہ دینے پر پاکستان تحریک انصاف نے شدید احتجاج کیا ہے اپوزیشن نے نواز شریف کی طرز حکمرانی اور عوامی مسائل کے حل میں ناکامی پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور قرار دیا کہ انصاف پرمبنی پالیسیاں بنائی جائیں نواز شریف نے مجرمان کی حوالگی کا معاہدہ نہ ہونے کے باوجود ایک شہری کو برطانیہ کے حوالے کردیا ہے اب برطانیہ اور امریکہ سے بھی مجرموں کو پاکستانی حکومت کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا جائے۔

قومی اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر اور پی ٹی آئی کے رکن سرور خان کے مابین بھی شدید جھڑپ ہوئی جو کیپٹن صفدر نے معاملہ کو ٹھنڈا کرنے میں اہم کردار ادا کیا غلام سرور خان نے کہا کہ آج پارلیمانی سال کا آخری دن ہے تینپارلیمانی سال مکمل ہوگئے ہیں لیکن اس مدت میں ایک بھی تحریک التواء پر مکمل بحث نہیں کرائی گئی ایوان کی روایت ہے کہ اراکین کی تحریک پر بحث کرائی جائے تین سالوں میں متعدد تحاریک التواء پیش کی گئیں لیکن ایک تحریک پر بھی بحث نہیں ہوئی انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تحریک التواء پر بحث نہ کرانے کا جواب نہیں دیا گیا ، قوانین کے تحت پانچ سو تحاریک التواء پیش کی گئیں لیکن ایک تحریک پر بھی بحث نہیں ہوئی کس قانون کے تحت ہماری تحریک التواء کو مسترد کیا گیا ہمارے حق پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے غلط کام نہیں کرنے دینگے ہمیں جواب دیں۔

(جاری ہے)

کیپٹن صفدر نے بھی ڈپٹی سپیکر سے کہا کہ سرور خان کو ایوان میں بولنے کی اجازت دی جائے شیریں مزاری نے کہا کہ بولنے کی اجازت نہ دی گئی تو حکومت کو قانون سازی نہیں کرنے دینگے غلام سرور خان نے کہا کہ قانون کے مطابق میری تحریک استحقاق پر بحث کرانی چاہیے تھی لیکن اس کی پذیرائی نہیں کی گئی انہوں نے کہا کہ حکومت پر شدید احتجاج کیا کہ گزشتہ تین سالوں میں پانچ سو کے قریب تحریک التواء پیش کی گئیں لیکن اس پر بحث نہیں کرائی گئی ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ تحریک التواء ایجنڈا پر لانے کا فیصلہ ہاؤس ایڈوائزری کمیٹی میں ہوتا ہے سپیکر قومی اسمبلی نے رولنگ دی ہے کہ آپ کی تحریک استحقاق مسترد کردی گئی ہے سرور خان نے کہا کہ گزشتہ ماہ را کا ایجنٹ پکڑا گیا ، کئی اور بھی بھارتی جاسوس پکڑے گئے بھارت پاکستان کے حصہ کا پانی نہیں دے رہا، دریاؤں کا رخ موڑ رہا ہے اس پر تحریک التواء کی اجازت نہ دینے کا مطلب ہے کہ یہ امور سڑکوں پر زیر بحث لائے جائیں گے ۔

جس پر شیریں مزاری نے کہا کہ حکومت پاکستان نے معاہدہ نہ ہونے کے باوجود پاکستانی شہری کو برطانیہ کے حوالے کردیا ماضی میں امریکہ کو ایسے شہری حوالے کئے گئے لیکن متبادل کے طورپر برطانیہ اور امریکہ نے مجرم پاکستان کے حوالے نہیں کئے ہیں ۔ نثار احمد جٹ نے کہا کہ فیصل آباد کے ایک سب انسپکٹر نے بیس سے زائد قتل کئے اور کئی رہنماؤں کو بھی قتل کیا اور برطانیہ بھاگ گیا انہوں نے وزیر داخلہ سے کہا کہ اسے برطانیہ سے لایا جائے اور قانون کے مطابق سزا دی جائے یہ مجرم برطانیہ میں موجود ہے فیصل آباد میں خوف وہراس پیدا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ فیسکو کے چیف کے بارے میں تحریک استحقاق پیش کی خواجہ آصف نے کہا جواب دونگا لیکن جواب ابھی تک نہیں ملا ۔

آسیہ تنولی نے کہا کہ نجی سکولوں نے بھاری فیسیں طلب کررکھی ہیں طلباء کو نوٹس جاری کئے تین ماہ کی فیس پیشگی طلب کی جارہی ہے والدین اس پر بڑے پریشان ہیں فیس ماہانہ بنیادوں پر وصول کی جائے ۔میاں منان نے کہا کہ لاہور میں کسانوں اور حکومت کے مذاکرات ہورہے ہیں مسئلہ حل کیاجائے ، تاج آفریدی نے کہا کہ فاٹا میں سکیورٹی ادارے خاصہ دار فورس کو رسک الاؤنس نہیں دیا جارہا ہے یہ اہلکار دہشتگردی کے خلاف لڑ رہے ہیں فوج کے شانہ بشانہ دہشتگردی کیخلاف لڑ رہے ہیں حکومت رسک الاؤنس ان کو دے ۔

جمال دین نے کہا کہ فاٹا میں تلاشی کے نام پر عورتوں کی بے عزتی کی جارہی ہے ان کے جسموں کی تلاشی لی جارہی ہے یہ ویڈیو سامنے آگئی ہے یہ قبائلی روایات کا مذاق ہے قبائل کے ساتھ اس طرح رویہ رکھا گیا تو لوگوں کے اندر بغاوت کے جذبات پیدا ہونگے ۔ عارف علوی نے کہا کہ کراچی میں پانی کی شدید قلت ہے کراچی سکیموں کے لئے ایک روپیہ جاری نہیں ہوا کاغذوں میں ستر سکیمیں موجود ہیں سوتیلی ماں جیسا سلوک کراچی کے ساتھ نہ رکھا جائے وسیم حسین نے کہا کہ حیدر آباد میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے لوگوں سے رشوت لی جارہی ہے لوگ سڑکوں پر ہیں پانی نہیں ہے ۔

گلزار خان نے کہا کہ میں چالیس سال بیورو کریٹ رہا ہوں میرے فلیٹ کی پچاس دفعہ مرمت ہوئی ہے لیکن ٹھیک نہیں ہوسکا چھت اب بھی ٹپکتی ہے وزراء نے وزارتی کالونی میں گھر بھی لئے ہیں جبکہ پارلیمنٹ لاجز میں بھی کوارٹر قبضے میں رکھے ہوئے ہیں اب مریم نواز کی سیکرٹری سے مدد طلب کی ہے حکومت انصاف اور مساوات کی بات کرتی ہے لیکن پارلیمنٹ کے اندر انصاف نہیں تو حکومت کا کیا جواز ہے کہ وہ حکومت انصاف کی بنیاد پر فیصلے کرے گی ۔ عشرت زہرہ نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں بعض غریب لوگ ہیں جو کپڑے دھوتے ہیں اور برآمدوں میں کپڑے ڈالتے ہیں۔