آزاد کشمیر کے 2006کے الیکشن میں چوہدری شجاعت سے ٹکٹ لینا مہنگا پڑگیا

مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس، کشمیر اسمبلی کے پنجاب کے حلقوں سمیت 12حلقوں کا جائزہ مسلم لیگ ن کا آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں مہاجرین کے تین حلقوں سے 2011کے الیکشن میں منتخب ایم ایل ایز راجہ صدیق ، چوہدری اسماعیل ،اورشوکت شاہ کو پارٹی ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ

اتوار 22 مئی 2016 11:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 مئی۔2016ء ) آزاد کشمیر کے 2006کے الیکشن میں چوہدری شجاعت حسین سے ٹکٹ لینا مہنگا پڑگیا ، پاکستان مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں مہاجرین کے تین حلقوں سے 2011کے الیکشن میں منتخب ہونے والے اراکین قانون ساز اسمبلی راجہ صدیق ، چوہدری اسماعیل ،اورشوکت شاہ کو پارٹی ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کرلیا ۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے مہاجرین کے 12حلقوں میں ٹکٹ کے امیدوارں کے ناموں کا جائزہ لینے کے حوالے سے مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس ہوا ہے جس میں حمزہ شہباز ، سعد رفیق و دیگر سینئر رہنماؤں نے شرکت کی ،اجلاس میں کشمیر اسمبلی کے پنجاب کے حلقوں سمیت 12حلقوں کا جائزہ لیا گیا اور ٹکٹ کے لیے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے ، ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں یہ بھی طے پایا ہے کہ آئندہ انتخابات میں موجودہ اراکین اسمبلی راجہ صدیق ،چوہدری اسماعیل ، اور شوکت علی شاہ کو ٹکٹ نہیں دیا جائے گا ، تینوں امیدوار مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر گزشتہ الیکشن میں کامیاب ہوئے،جبکہ اس سے قبل 2006کے الیکشن میں تینوں امیدوروں کو چوہدری شجاعت حسین نے ٹکٹ جاری کیے ،تینوں رہنماء اس وقت چوہدری شجاعت کے قریبی سمجھے جاتے تھے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے تجویز دی ہے کہ مہاجرین کے حلقوں میں تمام ووٹ ن لیگ اور میاں محمد نواز شریف کا ہے ان تینوں امیدواروں کا اپنے حلقے میں کوئی خاض اثر روسوخ بھی نہیں یہ صرف مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کی وجہ سے الیکشن میں کامیاب ہوں گے ،ان کی جگہ پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کو ایڈجسٹ کیا جائے تو زیادہ بہتر ہے ،ماضی میں ان تینوں امیدواروں نے چوہدری شجاعت سے ٹکٹ لیا تھا ، ان کے چوہدری سجاعت کے ساتھ بھی قریبی تعلقات ہیں ۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز سمیت شرکاء اجلاس نے خواجہ سعد رفیق کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کا ٹکٹ ان تینوں حلقوں سے صرف نظریاتی کارکنوں کو دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ تینوں امیدوار نے 2006کا الیکشن ریاستی جماعت مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر لڑا تھا اور اس وقت مہاجرین کے 12حلقوں میں ٹکٹ چوہدری شجاعت حسین اور مشاہد حسین نے جاری کیے تھے ،جبکہ آزاد کشمیر کے29حلقوں میں صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق آحمد خان نے جاری کیے تھے ، جبکہ ن لیگ نے بھی آئندہ انتخابات کے لیے آزاد کشمیر کے 29حلقوں میں ٹکٹ مقامی قیادت کی تجاویز کی روشنی میں کیے ہیں اور مہاجرین کے 12حلقوں میں پنجاب کی قیادت کی مشاورت سے ۔