نوازشریف کے احتساب کا وقت آگیا،وزیر اعظم رہیں گے تو ائیر پورٹ اور موٹروے بنیں گی،عمران خان

حکومت میں آئے تو الزام نہیں نواز شریف سمیت سب کرپٹ لوگوں کو جیلوں میں ڈالوں گا،پانامہ لیکس پر متحدہ اپوزیشن کے ساتھ ہیں، اکیلا چلناپڑا تو چلیں گے،ریکارڈ موجودہے ن لیگ نے کبھی مدت پوری نہیں کی قومیں موٹروے سے نہیں بنتیں،بچوں کو تعلیم دینے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا،ڈھائی کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں،سربرا تحریک انصاف میاں صاحب کو نیا خیبر پختونخواہ سڑکوں پر نہیں سکولوں اور ہسپتالوں میں نظر آئیگا، 2016 کے آخر تک مشن میں کامیاب ہو جائیں گے،مینگورہ میں جلسہ سے خطاب

پیر 23 مئی 2016 10:05

مینگورہ (نمائندہ اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 مئی۔2016ء)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا احتساب کر دیا تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی ۔ تحریک انصاف نواز شریف کے احتساب تک چین سے نہیں بیٹھے گی پانامہ لیکس پر متحدہ اپوزیشن کے ساتھ ہے اکیلا چلنا پڑا تو چلیں گے میاں صاحب جہاں جاتے ہیں موٹر وے اور ایئرپورٹ بنانے کا اعلان کرتے ہیں،حکومت میں رہیں گے تو بنائیں گے ۔

ریکارڈ موجود ہے ن لیگ نے کبھی مدت پوری نہیں کی قومیں موٹر وے سے نہیں تعلیمی اداروں سے بنتی ہیں سوات میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 20 سال قبل سیاست میں آیا تو سوات سے الیکشن لڑا سوات کے لوگوں نے جو عزت دی وہ کبھی نہیں بھولوں گا ۔ جو قوم اپنے بچوں کو تعلیم نہیں دیتی وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتی موٹر وے سے قومیں نہیں بنتی نواز شریف جہاں جاتے ہیں موٹر وے کا اعلان کر دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں اڑھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں اور حکمران موٹر وے بنانے پر لگے ہوئے ہیں میاں صاحب کو نیا خیبرپختونخوا سڑکوں پر نظر نہیں آئے گا تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں نظر آئے گا ۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا ایک ماڈل صوبہ بنے گا ہسپتالوں کو بدلنے کی کوشش کی لیکن مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو سکے لیکن 2016 کے آخر میں مشن میں کامیاب ہو جائیں گے ہسپتالوں کی حالت بدلی ہوی نظر آئے گی انہوں نے کہا کہ جب سے پانامہ لیکس آیا ہے میاں صاحب ہر جگہ جا رہے ہیں ایئرپورٹ اور موٹر وے کے اعلانات کر رہے ہیں میاں صاحب آپ رہیں گے تو سڑکیں اور ایئرپورٹ بنائیں گے آپ کا ٹریک ریکارڈ ہے حکومت کی مدت پوری نہیں کی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے نظام بدلا اور اب اس پوزیشن میں آ گئے ہیں کہ ہسپتالوں کو پورے ملک میں ایک مثال بنائیں گے ۔ میاں صاحب کہتے ہیں ہیلی کاپٹر سے نیا پاکستان نظر نہیں آتا ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی پولیس مثالی بن چکی ہے اس میں سیاسی مداخلت نہیں ہے پولیس کی تنخواہیں مزید بڑھائیں گے پاکستان گوبل ورمنگ سے متاثر ہونے والا 8 واں ملک ہے 5 ارب پورے صوبے میں لگائیں گے انہوں نے کہا کہ ہم نے بلدیاتی نظام لا کر انتخابات کرا کر اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر دیئے ہیں جہوریت ہے بلدیاتی نظام چلے گا تو اس میں تبدیلی آئے گی ڈویلپمنٹ فنڈز گاؤں تک پہنچ گیا ہے گاوں والے خود فیصلے کریں گے یہ تبدیلی ہے جو میاں صاحب کو نظر نہیں آتی ۔

میاں صاحب 30 سال سے باری لے رہے ہیں پولیس ٹھیک کی نہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کو ٹھیک کیا انہوں نے کہا کہ فافن کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں سب سے کم کرپشن ہے پنجاب پولیس چھوٹو گینگ کا مقابلہ نہیں کر پائی خیبرپختونخوا کی پولیس طالبان کا مقابلہ کر رہی ہے اور شہادتیں دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ طاقتور کرپٹ لوگوں کا احتساب کریں گے سوئس بنکوں میں بڑا پیسہ ملک میں واپس لایا جائے تو قرضے اتر جائیں گے تحریک انصاف کی حکومت بیرون ملک پڑا پیسہ واپس لائے گی وزیر اعظم پاکستان کا احتساب ہو گیا تو تقدیر بدل جائے گی ہم اپوزیشن کے ساتھ چل رہے ہیں لیکن تحریک انصاف کو اکیلا چلنا پڑا تو چلے گی ۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور امیر مقام وزیر اعظم نواز شریف کو نہیں بچا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کرپشن کرے تو حکومت پکڑے اگر ہم اقتدار میں آ گئے تو نہیں کہیں گے کہ اپوزیشن کرپٹ ہے ہم تو پکڑیں گے اور الزامات لگانے کے بجائے سب کرپٹ لوگوں کو جیلوں میں ڈالیں گے، انہوں نے کہا کہ اگلی دفعہ نواز شریف جلسہ کرنے آئیں تو تین مطالبات کریں پہلا سوال عوام یہ کریں کہ بجلی کا شیئر گیس کا شیئر اور چشمہ کنال کے لئے پیسہ جاری کریں ۔ انہو ں نے کہا کہ آنے والوں دنوں میں فیصلہ ہو گا کہ طاقتور کا احتساب ہو گا یا نہیں تحریک انصاف نواز شریف کے احتساب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔