آرمی چیف کا اے ایف آئی پی کا دورہ،ضرب عضب میں بینائی سے محروم جوانوں،افسروں کی عیادت کی

جوانوں کی دیسی ساختہ بارودی سرنگیں پھٹنے سے بینائی متاثر ہوئی، اب تک 179 جوانوں کا علاج کیا گیا ،66 فیصد جوانوں کا علاج کامیابی سے کیا گیا،بریفنگ جنرل راحیل شریف کا جوانوں کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین، قومی ہیروز کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، حکام کو ہدایت

جمعرات 26 مئی 2016 09:52

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مئی۔2016ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے عسکری ادارہ برائے امراض چشم(اے ایف آئی پی) کا دورہ کیا،جس کے دوران آپریشن ضرب عضب میں بینائی سے محروم ہونے والے جوانوں اور افسران کی عیادت کی،آرمی چیف نے جنگی ہیروز کی خدمات ،قربانیوں اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف پتھالوجی میں بینائی سے محروم ہونے والے افسران اور جوانوں سے ملاقات کر کے خیرت دریافت کی۔

اس موقع پر آرمی چیف کو سنٹر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران جوانوں کی دیسی ساختہ بارودی سرنگیں پھٹنے سے بینائی متاثر ہوئی، آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف پتھالوجی میں اب تک 179 جوانوں کا علاج کیا گیا ہے جن میں سے 66 فیصد جوانوں کا علاج کامیابی سے کرلیا گیا ہے جبکہ باقی کا علاج جاری ہے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف کو بتایا گیا کہ 56 جوان ایسے ہیں جن کا علاج جاری ہے جبکہ 30 جوان مکمل طور پر نابینا ہوچکے ہیں۔

جبکہ مکمل طور پر بینائی سے محروم ہونے والے جوانوں اور افسران کی بحالی کیلئے مختلف قسم کی تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ بہتر طور پر اپنی زندگی گزار سکیں۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جوانوں کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قومی ہیروز کو ہر طرح کی طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور آخری دہشتگردکے خاتمے تک جاری رہے گا،انہوں نے کہا کہ ہمت ہاریں گے نہ پیچھے ہٹیں گے ملک دشمن عناصر کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔