تحریک انصاف کا انٹرا پارٹی الیکشن ملتوی،کرپشن کیخلاف عوام کو متحرک کرنیکا اعلان

نواز شریف کے احتساب کے معاملے سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے،عمران خان چیئرمین پی ٹی آئی کی زیر صدارت ٹی او آرز معاملے پر اجلاس، شاہ محمود قریشی کی پارلیمانی کمیٹی کی کارروائی پر بریفنگ ٹی او آرز پر کچھ اختلاف سامنے آئے ہیں اپوزیشن حکومت کو ٹف ٹائم دے گی آنے والے چند ہفتے بہت اہم ہیں،نعیم الحق

ہفتہ 28 مئی 2016 10:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 مئی۔2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کے احتساب کے معاملے سے دستبردار ہرگز نہیں ہوں گے میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت ٹی او آرز سے متعلق معاملے پر اعلی سطح کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا اجلاس میں شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو ٹی او آرز کمیٹی کی کارروائی پر بریفنگ دی جس پر عمران خان نے ٹی او آرز کمیٹی کی کارروائی پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کو احتساب سے کبھی دستبردار نہیں ہونے دیں گے ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت اس مسئلے پر سنجیدہ نظر نہیں آ رہی ہے تاہم اپوزیشن اپنے موقف پر قائم رہے گی ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق کا کہنا ہے کہ ٹی او آرز پر کچھ اختلاف سامنے آئے ہیں اپوزیشن حکومت کو اس پر ٹف ٹائم دے گی آنے والے چند ہفتے بہت اہم ہیں پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت پر دباؤ رکھنا چاہئے ۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے پانامہ لیکس اور اس کی تحقیقات کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر انٹرا پارٹی الیکشن غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ملک میں کرپشن، بدعنوانی،ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر عوام کو متحرک کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق انتخابات کے التواء کا فیصلہ چیئرمین تحریک انصاف کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین تحریک انصاف کی ترجمان ڈاکٹر شیریں مزاری کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین دور سے گزر رہا ہے اور پانامہ پیپرز کے ذریعے سامنے آنے والے انکشافات کی تحقیقات کے حوالے سے معاملات سنگینی کا رخ اختیار کر رہے ہیں۔

ایسے میں تحریک انصاف کی قیادت یہ سمجھتی ہے کہ اسے اپنی تمام تر توانائیاں اور توجہ کرپشن ، بدعنوانی، ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے خلاف ایک ملک گیر تحریک برپا کرنے پر مرکوز کرنی چاہے۔ جس کے باعث انٹرا پارٹی انتخابات کے غیر معینہ مدت تک التواء کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت انٹراء پارٹی انتخابات کے حوالے سے اپنے واضح عزم کا از سر نو اعادہ کرتی ہے تاہم فی الوقت انہیں غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے ذریعے آزاد میڈیا کا گھلا گھونٹنے کی کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز پیمرا میں متنازعہ طو رپر مقرر کیے گئے چیئرمین ابصار عالم کے ذریعے ایسے ٹی وی چینلز جو حکومتی جھوٹ اور پراپگینڈہ کا حصہ بننے سے انکار کرتے ہیں کو ہراساں کررہی ہے۔

ان کے مطابق حکومت کی جانب سے قومی خزانے کے بل بوتے پر میڈیا کو کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف تحقیقات سے روکنے کی کوششیں بھی ناقابل قبول ہیں، جبکہ حکومتی پراپگینڈہ کا حصہ بننے والے ٹی وی چینلز پر دولت کی بوچھاڑ بھی انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے اپنی آزادی کیلئے انتھک جدوجہد کی ہے، چنانچہ تحریک انصاف حکومت کو پیمرا کے ذریعے آزاد میڈیا کا بازو مروڑنے کی اجازت کسی صورت نہیں دے گی۔

دوسری جانب مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیادت کے فیصلے پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پانامہ انکشافات کی غیر جانبدارانہ اور موثر تحقیقات کیلئے حکومت پر دباؤ بڑھاتے رہنا انتہائی ضروری ہے، جس کے باعث تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی کے حوالے سے اپنی سرگرمیاں ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز کی تحقیقات کیلئے تحریک انصاف ملک بھر میں عوام اور کارکنان کو متحرک کرے گی اور حکومت کی جانب سے اربوں روپے کے فنڈز کی تقسیم بھی حکومت کے حق میں خاصی کارگر ثابت نہ ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور سپریم کور ٹ کو بھی اپنے آئینی و قانونی فرائض کی بجا آوری کا حساس ہونا چاہیے اور اہم قومی اور ریاستی ادارے بھی اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کے مطابق حکومت کے پاس حزب اختلاف پندرہ معقول سوالات کا کوئی جواب نہیں۔