وزیر اعظم سکائپ کے ذریعے کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے،ایاز صادق

کسی کو بھی نگران وزیر اعظم نہیں بنایا جائے گا، وفاقی بجٹ اپنے وقت پر پیش کیا جائے گا وزیر اعظم کی اوپن ہارٹ سرجری ہو گی، پورا ملک ان کی خیریت کے لیے دعا گو ہے ،سپیکر قومی اسمبلی کی وزیراعظم کی صحت کیلئے دعائیہ تقریب میں گفتگو

پیر 30 مئی 2016 09:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 مئی۔2016ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کسی کو بھی نگران وزیر اعظم نہیں بنایا جائے گا۔ وفاقی بجٹ اپنے وقت پر پیش کیا جائے گا اور وزیر اعظم سکائپ کے ذریعے کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے ۔وزیر اعظم کی لند ن میں اوپن ہارٹ سرجری ہو گی اور پورا ملک ان کی خیریت کے لیے دعا گو ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہور میں قیام کے دوران سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وزیراعظم کی صحت کیلئے دعائیہ تقریب میں شرکت کی اور مولانا راغب نعیمی نے وزیر اعظم کی صحت کیلئے دعا کرائی۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ وزیراعظم چند دنوں کیلئے لندن گئے ہیں،وزیراعظم کے دل کی یہ دوسری سرجری ہے، وزیراعظم بجٹ کے حوالے سے اجلاس کی ویڈیو لنک سے صدارت کریں گے۔انہوں نے پانامہ لیکس کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ٹی او آرز پر ہونے والے پہلے اجلاس میں شریک تھا ۔ اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کو بتایا تھا کہ آپکا مقصد ٹی او ر بنانا ہے اور حکومتی اور اپوزیشن اراکین کو ٹی وی بیانات سے روکا تھا۔ ہر سیاسی اور غیر سیاسی شخص وزیراعظم کیلئے دعا گو ہے ۔