وزیر داخلہ نے شناختی کارڈ ز کی دوبارہ تصدیق کے روڈ میپ کی ابتدائی منظوری دیدی

حتمی منظوری آج نادرا بورڈاجلاس میں دی جائیگی، دوبارہ تصدیقی عمل کے لئے نادرا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں نئے ڈائریکٹوریٹ قائم کر دیا گیا خاندان کے سربراہ کو نادرا پیغام بھیجے گا،پیغام موصول ہونے کے بعد خاندان کا سربراہ اپنے خاندان میں غلط اندراج کے حوالے سے نادرا کو جواب دیگا

منگل 31 مئی 2016 09:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مئی۔2016ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کی جانب سے 25ملین خاندانوں کے شناختی کارڈ ز کی دوبارہ تصدیق کے روڈ میپ کی ابتدائی منظوری دیدی۔حتمی منظوری آج (منگل) نادرا بورڈ کے اجلاس میں دی جائے گی۔ دوبارہ تصدیقی عمل کے لئے نادرا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں نئے ڈائریکٹوریٹ بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ کی جانب سے دی جانے والی منظوری چئیر مین نادرا کی بریفنگ کے بعد دی گئی۔نادرا کی جانب سے ملک بھر میں شناختی کارڈز کی ہنگامی بنیادوں پر دوبارہ تصدیق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے خصوصی ہدایات پر شروع کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملک بھر میں شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کے عمل کیلئے ابتدائی روڈ میپ رپورٹ کی منظوری دیدی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ کی جانب سے دی جانے والی منظوری چئیرمین نادرا کی بریفنگ کے بعد دی گئی۔ بریفنگ میں وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ دوبارہ تصدیقی عمل میں نادرا خاندانوں کے سربراہان کو ہیلپ لائن کے زریعے مختصر پیغام بھیجیں گے جس میں ان کے خاندان کے افراد کے حوالے سے تمام معلومات طلب کی جائیں گی۔ خاندان کے سربراہ کو نادرا کی جانب سے پیغام موصول ہونے کے بعد خاندان کا سربراہ اپنے خاندان میں غلط اندراج کے حوالے سے نادرا کو جواب بھیجے گا جو NOلکھ کو بھیجا جائے گا۔

نادرا کو کسی قسم کے مشکوک جواب کی صورت میں ہیلپ لائن خاندان کے قریب ترین نادرا دفتر کو مطلع کرے گا اور پھر وہ نادرا آفس اس خاندان کی تصدیق کر کے رپورٹ بھیجے گا۔ نادرا کو کسی خاندان میں مشکوک شخص کی موجودگی کی صورت میں وہ مشکوک شناختی کارڈ اور پاسپورٹ منسوخ کر دیا جائے گا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ابتدائی طورپر تصدیق کا عمل ان اضلاع سے شروع کیا جائے گا ان میں زیادہ جعلی شناختی کارڈ زپائے گئے تھے۔

عام عوام کو بھی کسی مشکوک اور جعلی شناختی کارڈ رکھنے والے کے بارے میں اطلاع فراہم کرنے کیلئے ہیلپ لائن فراہم کی جائے گی۔ جس پر وہ مشکوک افرادکے خلاف اطلاع دیں گے ۔واضح رہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا اور پاسپورٹ ملازمین کو 2ماہ کی مہلت دے رکھی ہے کہ اگر کوئی جعلی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ بنانے میں ملوث ہے تو خود کورضاکارانہ طور پر ظاہر کر دے ۔

ایسے شخص کو کوئی سزا نہیں دی جائے گی بعدازاں پکڑے جانے سخت سزاوٴ ں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔اس اسکیم میں وہ غیر ملکی افراد جو خود کو رضادکارانہ طور پر ظاہر کر دیں ان کو بھی رعایت دی جائے گی۔وزیر داخلہ نے غیر ملکیوں کے پاس جعلی شناختی کارڈ کی موجودگی اور اس کے حوالے سے اطلاع دینے والوں کے لئے انعامی اسکیم کی بھی منظوری دے دی ہے۔

متعلقہ عنوان :