آرمی چیف کی ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات،دفاعی تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔آئی ایس پی آر

ترک صدر نے مشقوں میں پاکستانی دستوں اورآرمی چیف کی موجودگی کا شکریہ ادا کیا،ترک صدر نے پاک فوج کی آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں کی تعریف بھی کی ،پاک فوج نے ملک اور بیرون ملک 3سالوں میں 52مشترکہ فوجی مشقوں کا انعقاد کیا، پاک فوج عسکری اور بہتر تربیت کے تبادلے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف

بدھ 1 جون 2016 09:53

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 جون۔2016ء):چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات کی۔جس میں ترک صدر نے مشقوں میں پاکستانی دستوں اورآرمی چیف کی موجودگی کا شکریہ ادا کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابقکثیر القومی فوجی مشقیں کل رات اور آج کی گئیں،آرمی چیف نے کثیرالقومی مشقوں کا معائنہ کیا ۔مشقوں میں پاکستان،سعودی عرب،ترکی،قطر،آذربائیجان،امریکہ اور برطانیہ کے دستوں نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف سے ملاقات کے دوران ترک صدر نے پاک فوج کی آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں کی تعریف کی اوردونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بڑے پیمانے پر جنگی مشقوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاک فوج عسکری اور بہتر تربیت کے تبادلے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج نے ملک اور بیرون ملک 3سالوں میں 52مشترکہ فوجی مشقوں کا انعقاد کیا۔