کل بھوشن بھارتی جاسوس ہے ، پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے پاکستان میں گھسا ، کونسلر تک رسائی نہ دینے کا اصولی فیصلہ کیا ، بعض ممالک اقتصادی راہداری منصوبے کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، چوہدری نثار علی خان

جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی ہو گی، سیف سٹی پراجیکٹ سے اسلام آباد کی سکیورٹی مسائل کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی ، وزیر داخلہ کا سیف سٹی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 7 جون 2016 10:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7جون۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کل بھوشن بھارتی جاسوس ہے ، پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے پاکستان میں گھسا ، کونسلر تک رسائی نہ دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ، اقتصادی راہداری حقیقت ہے بعض ممالک منصوبے کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ، سیف سٹی پراجیکٹ سے اسلام آباد کی سکیورٹی مسائل کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی ، جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی منصوبے پر 15 کروڑ ڈالر سے زائد خرچ ہونگے ۔

تفصیلات کے مطابق سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ سے اسلام آباد کی عوام کے سکیورٹی مسائل حل ہوجائینگے اس منصوبے پر پندرہ کروڑ ڈالر خرچ ہونگے جس کی مدد سے اسلام آباد کے ہر کونے کونے کا جائزہ لیا جاسکے گا اس منصوبے کیلئے 68ملین ڈالر جاری کئے گئے ہیں جس کی مدد سے اسلام آباد میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوگی 1950 کیمروں کی تنصیب سے پولیس کارکردگی میں اضافہ اور جرائم کم ہونگے ۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیف سٹی اپنی نوعیت کا پاکستان کا پہلا منصوبہ ہے منصوبے سے جرائم پیشہ افراد کی موثر نگرانی کی جاسکے گی سکیورٹی مسائل کے حل کیلئے اس منصوبے پر تعریف نہیں کروں گا کیونکہ اسلام آباد پولیس اس نظام سے ہم آہنگ ہے چاہتا ہوں کہ شہری اور میڈیا حکومت سے تعاون کریں انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری حقیقت بن رہی ہے پاکستان اور چین کی ترقی ایک دوسرے سے منسلک ہے بعض ممالک اقتصادی راہداری منصوبے کیخلاف ہیں وہ پاک چین دوستی کو پروان چڑھنے نہیں دیکھنا چاہتے کیونکہ اس منصوبے سے پاکستان کی معاشی حالت بہتر ہوگی اور پاکستان ترقی کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر دو ہزار نو میں دستخط ہوئے تھے جس کی لاگت بہت زیادہ تھی جس کی وجہ سے اس منصوبے پر عملدرآمد کیا گیا ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کل بھوشن یادیو بھارتی جاسوس ہے خاص مقصد کیلئے پاکستن میں گھسا اس کا مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا تھا اس لئے قونصلر تک رسائی نہیں دے سکتا اور اصولی فیصلہ کرلیا ہے کہ قونصلر تک رسائی نہیں دینگے وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی شناختی کارڈ کی تصدیق میں عوام کو تکلیف نہیں ہوگی