افتخار چوہدری کی جانب سے تاحال بلٹ پروف گاڑی واپس نہ کرنے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

منگل 7 جون 2016 10:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7جون۔2016ء)سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے تاحال بلٹ پروف گاڑی واپس نہ کرنے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے، گزشتہ روز اسلام آباد کے شہری ایڈووکیٹ ریاض حنیف راہی نے درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بلٹ پروف گاڑی فراہمی کے سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے باوجود سابق چیف جسٹس گاڑی استعمال کر رہے ہیں۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس سے گاری سمیت سکیورٹی پر مامور اضافی پولیس اسکواڈ کو بھی واپس لیا جائے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگر سابق چیف جسٹس گاڑی واپس نہیں کرتے تو ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ، درخواست گزار نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی شہری ہیں اور باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں، پاکستانی شہریوں کے ٹیکس کے پیسوں کو غلط استعمال سے روکا جائے۔

(جاری ہے)

درخواست میں وزارت قانون و انصاف و پارلیمانی امور ، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، وزارت داخلہ و دفاع، ائی جی اسلام آباد اور فوکل پرسن شیخ احسن الدین سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا سنگل بنچ کا فیصلہ 13مئی کو کالعدم قرار دیا تھا۔