ایشیائی ترقیاتی بنک کی توانائی منصوبوں کے لئے خیبرپختونخواحکومت کو مالی تعاون کی پیشکش

صوبے میں بجلی کی نعمت سے محروم پسماندہ علاقوں میں عوام کو بجلی کی فراہمی کے لئے 356منی مائیکروہائیڈل سٹیشن یعنی چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر کے پروگرام پر اطمینان کا اظہار

منگل 7 جون 2016 10:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7جون۔2016ء) ایشیائی ترقیاتی بنک (اے ڈی بی)نے خیبرپختونخواحکومت کی جانب سے صوبے میں بجلی کی نعمت سے محروم پسماندہ علاقوں میں عوام کو بجلی کی فراہمی کے لئے 356منی مائیکروہائیڈل سٹیشن یعنی چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر کے پروگرام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے Multi tranche Finance Facility(MFF) کے تحت توانائی کے درمیانے اور چھوٹی گنجائش والے منصوبوں میں سرمایہ کاری ومالی تعاون کی پیشکش کی ہے جبکہ منی مائیکروہائیڈل سٹیشنز کی تعداد 1000سے 1500تک بڑھانے کے لئے منصوبہ بندی کا آغازکردیا ہے۔

اس سلسلے میں عدنان ترین کی قیادت میں اے ڈی بی کے ایک اعلیٰ سطحی وفدنے پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن ( پیڈو) کے چیف ایگزیکٹیواکبرایوب خان اور محکمہ توانائی کے دیگر افسران سے منی مائیکروہائیڈل سٹیشن کی توسیع کے بارے میں منعقد کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیف ایگزیکٹیوپیڈواکبرایوب خان نے اے ڈی بی کے مشن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے توانائی ایکشن پلان کے تحت صوبے کے 12اضلاع میں بجلی کی نعمت سے محروم علاقوں میں356 چھوٹے چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری کررکھاہے۔

جن میں سے اب تک 40سے زائد بجلی گھروں کی تعمیر کاکام مکمل ہوچکاہے اور ان سے باقاعدہ طورپر بجلی کی ترسیل کا عمل شروع ہے۔انہوں نے بتایاکہ مذکورہ پروگرام کے تحت یہ بجلی گھر مقامی این جی اوز کے تعاون سے تعمیر کئے جارہے ہیں جو بعد میں مکمل کرکے علاقائی سطحی پر مقامی آبادی کے حوالے کئے جائیں گے جنکولوکل کمیونٹی اپنی مدد آپ کے تحت چلاسکے گی جس سے ایک طرف توان علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور دوسری طرف یہ علاقے لوڈشیڈنگ کے عذاب سے بھی محفوظ ہونگے۔

نہروں اور چشموں پر تعمیر کئے جانے والے ان 356منی مائیکروہائیڈل سٹیشن پر لاگت کا تخمینہ 5ارب روپے لگایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ضلع بٹ گرام میں 3منی مائیکروہائیڈل سٹیشن کا افتتاح کیا ہے۔ اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے وفد نے منی مائیکروہائیڈل سٹیشن کے تعمیراتی پروگرام پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے ان منصوبوں کی توسیع کے لئے صوبائی حکومت کو مالی تعاون کی پیش کش کرتے ہوئے ان ہائیڈل سٹیشن کی تعداد بڑھانے کے لئے سروے کا آغاز کردیاہے جبکہ جلد ہی اس سلسلے میں اس پروگرام کے لئے اے ڈی بی فنڈز جاری کرے گا۔

بنک کے اعلیٰ حکام نے عوام فلاح وبہبود کے اس پروگرام کو صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے سنگ میل قراردیتے ہوئے اسے موجودہ صوبائی حکومت کا کارنامہ قراردیاہے۔

متعلقہ عنوان :