شہزادہ چارلس وزیر اعظم نواز شریف کی عیادت کو آئے، کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی، شہد کا تحفہ بھی پیش کیا،مریم نواز کا ٹوئیٹ میں اظہار

اتوار 12 جون 2016 11:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جون۔2016ء) برطانیہ کے شہزادہ چارلس نے ہفتہ کو وزیر اعظم نواز شریف کی خیریت دریافت کی اور انکے دل کے کامیاب آپریشن پر انہیں مبارکباد دی۔اس بات کا اظہار وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ہفتہ کو اپنی ٹوئیٹ میں کیا۔انھوں نے کہا کہ شہزادہ چارلس نے وزیر اعظم کو برطانوی ملکہ الزبتھ دوئم کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا ۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے کہا کہ شہزادہ چارلس نے ان کے والد سے کہا کہ میں بذات خود آنا اور اپنے دوست کو دیکھنا چاہتا تھا۔شہزادہ چارلس نے وزیر اعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آپ کی ضرورت ہے۔مریم نواز نے ٹوئیٹ میں کہا کہ برطانوی ولی عہد نے وزیر اعظم نواز شریف کو شہد کا تحفہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کے استعمال سے آپ کو جلد صحت یابی میں مدد ملے گی جس پر وزیر اعظم نواز شریف نے شہد کیلئے شہزادہ چارلس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ ہمارے رسول نے شہد کو شفا قرار دیا ہے اور فرمایا ہے کہ اس میں بہت سی بیماریوں کے لئے شفا ہے ۔