و فاقی وزیر خزا نہ اسحاق ڈار ہنگامی دورے پر لند ن پہنچ گئے

متحدہ اپوزیشن کے ساتھ ٹی او آرز پر ڈیڈ لاک اور وفاقی بجٹ پر وزیر اعظم کو اعتماد میں لیں گے اسحاق ڈار وزیر اعظم سے ٹی او آرز کے معاملے پر واضح ہدایات لے کر واپس آئیں گے اور اسکی روشنی میں اپوزیشن رہنماؤں سے بات چیت کریں گے امریکہ، بھارت میں بڑھتی دوستی بارے بھی وزیر اعظم کو مکمل طور پر بریف کریں گے ،ذرائع

اتوار 12 جون 2016 11:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جون۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار دو ر وزہ ہنگامی دورے پر لند ن پہنچ گئے ۔ وفاقی وزیر خزانہ وزیر اعظم محمد نوازشریف کو متحدہ اپوزیشن کے ساتھ ٹی او آرز پر پیدا ہونے والے ڈیڈ لاک اور وفاقی بجٹ کے حوالے سے وزیر اعظم کو اعتماد میں لیں گے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ گزشتہ روز دو روزہ ہنگامی دورے پر لندن روانہ ہوئے ہیں جہاں وہ وزیر اعظم نواز شریف کی عیادت کرینگے اور متحدہ اپوزیشن کے ساتھ پانامہ لیکس کی تحقیقات پر ٹی او آرز کے معاملات پر مذاکرات میں پیدا ہونیوالے ڈیڈ لاک کے حوالے سے وزیر اعظم کو آگاہ کرینگے اور انہیں اعتماد میں لیں گے ۔

پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی طرف سے واضح طور پر یہ پیغام دیا جا چکا ہے کہ ٹی او آرز کے حوالے سے حکومتی ممبران کے ساتھ اب مزید بات چیت بے سود ہے کیونکہ متحدہ اپوزیشن کی طرف سے واضح طور پر لچک کا مظاہرہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

لیکن حکومتی ممبران کی طرف سے دانستہ ٹی او آرز کی شرائط پر سخت موقف اختیار کیا گیا جس پر پیپلزپارٹی کی طرف سے چودھری اعتزاز احسن اور پی ٹی آئی کی طرف سے شاہ محمود قریشی نے اپنے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر اب حکومت کے ساتھ مزید بات چیت بے سود ہوگی کیونکہ ٹی او آرز کے تعین کے لئے جتنی بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں اس میں معاملات آگے بڑھنے کی بجائے بند گلی میں چلے گئے ۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ٹی او آرز کے معاملے پر واضح ہدایات لے کر دو روز میں واپس آئیں گے اور اس کے بعد وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں مزید بات چیت کو آگے بڑھانے کے لئے اپوزیشن رہنماؤں سے بات چیت کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کے دورے کا مقصد وزیر اعظم کی عدم موجودگی میں بجٹ سمیت جتنے بھی امور نمٹائے گئے ہیں اس حوالے سے وزیر اعظم کو اعتماد میں لینا ہے اور خاص کر امریکہ کی بھارت میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کے حوالے سے بھی وزیر اعظم کو مکمل طور پر بریف کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار پیر یا منگل تک وطن واپس آ جائیں گے ۔