طورخم بارڈر پر افغان فورسز کی پاکستانی حدود میں فائرنگ

پاکستان کا افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ پر شدید تحفظات کا اظہار‘ افغانستان سے فوری تحقیقات کا مطالبہ

پیر 13 جون 2016 10:48

خیبرایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جون۔2016ء)طورخم بارڈر پر افغان فورسز کی پاکستانی حدود میں بلا اشتعال فائرنگ سے ایک فوجی جوان زخمی ہوگیا۔پاک فوج نے بھر پور اور مؤثر جواب دیا۔ کشیدگی طورخم بارڈر پر پاکستان کی جانب سے اپنی حدود میں گیٹ نصب کرنے پر ہوئی ۔ طورخم بارڈر پر افغان فورسز کی پاکستانی حدود میں بلا اشتعال فائرنگ کی ۔جواب بھی جاری ہےاوراس میں اب تک ایف سی کا ایک اور خاصہ دار فورس کے 2اہلکار زخمی ہوچکےہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کا بھر پور اور مؤثر جواب دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد طورخم پر سب سے زیادہ نقل و حرکت ہوتی ہے، حالیہ دنوں میں بیشتر دہشتگرد اسی راستے کو استعمال کرتے پائے گئے ، دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کےلیے پاکستان طورخم میں پاکستانی حدود میں گیٹ تعمیر کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

طورخم کراسنگ پوائنٹ پر گیٹ کی تعمیر کا مقصد غیر قانونی نقل و حرکت پر نظر رکھنا ہے۔ادھرپاکستان نے افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعہ کی اطلاعات پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ افغان حکومت اس واقعہ کی فوری تحقیقات کرے گی۔ وزیراعظم آفس کے ترجمان کے مطابق حکومت پاکستان نے افغان سرحد کے قریب پاکستان فوجیوں کی سیکورٹی کے حوالے سے شدید تحفظات ظاہر کیے ہیں اور کہا ہے کہ یہ بلااشتعال حملے پاکستان افغانستان تعلقات کیلئے مددگار ثابت نہیں ہوں گے۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ افغان حکومت اس واقعہ کی فوری تحقیقات کرے گی۔