فوجی عدالتوں سے سزا کیخلاف اپیلوں کی سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل

چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ جسٹس امیر ہانی، جسٹس عظمت سعید،جسٹس منظور ملک اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل لارجر بنچ آج فوجی عدالتوں کے فیصلے کیخلاف 17ا پیلیوں کی سماعت کر یگا، لاپتہ افراد سے متعلق 102اپیلوں کی سماعت 15جون کو ہو گی

پیر 13 جون 2016 10:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جون۔2016ء ) چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے ملزمان اور لاپتہ افراد کے لواحقین کی طرف سے دائر اپیلوں کی سماعت کے لیے 5رکنی لارجر بینچ تشکیل دیدیا ہے ،لارجر بنچ آج پیر کو فوجی عدالتوں کے فیصلے کیخلاف 17ا پیلیوں کی سماعت کر یگاجبکہ لاپتہ افراد سے متعلق 102اپیلوں کی سماعت 15جون کو ہو گی ۔

چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ جسٹس امیر ہانی، جسٹس شیخ عظمت سعید،جسٹس منظور ملک اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل ہو گا ۔

(جاری ہے)

فوجی عدالتوں کے فیصلوں کیخلاف باچہ خان ، انوار بی بی ، علی الرحمان ، نیک مارو ، الف خان ،سخی محمد ، شیر عالم ، مشعوقہ بی بی ، جاوید اقبال غور ی ، محیب اللہ ، سعید الزمان ، فضل غفار ، ضربہ خیلہ ، عجب گل ، آکسن محبوب ، خان افسر خان او ر حافظ محمد صدیق نے اپیلیں دائر کر رکھی ہیں عدالت عظمیٰ نے درخواست گزاروں کی اپیلیں سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ملزمان کی سزا پر عملدرآمد روک رکھا ہے اور تمام درخواستوں کو یکجا کر کے سننے کے فیصلہ کیا ہے ، اس کے علاوہ چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ 15جون کو لاپتہ افراد سے متعلق دائر 102اپیلوں کی سماعت بھی کرے گا۔