پانامہ لیکس تحقیقات،متحدہ اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس،حکومتی موقف پر تفصیلی تبادلہ خیال

ٹی او آرز کے تمام امور کا جائزہ لیکر قوم کو اعتماد میں لیں گے ،آئندہ کا لائحہ عمل پیر کو کرینگے، اجلاس میں فیصلہ وزیر اعظم پانامہ لیکس کی تحقیقات چاہتے ہیں جبکہ ان کے درباری ان کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں،اعتزاز احسن

ہفتہ 18 جون 2016 10:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جون۔2016ء)پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے ٹی او آرز کی تشکیل سے متعلق قومی اسمبلی قائد خزب اختلاف سید خورشید شاہ کی زیر صدارت متحدہ اپوزیشن کے اجلاس انکے چیمبر میں ہوا۔اجلاس میں سینیٹر اعتزاز احسن،شیخ رشید،خالد مقبول صدیقی ،اسرار اللہ زہری اور دیگر نے شرکت کی، اجلاس کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے موقف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ پیر کو سینیٹر اعتزاز احسن کے رہائشگاہ پر متحدہ اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہو گاجس میں پارلیمانی کمیٹی کے تمام ممبران شرکت کریں گے اور اجلاس میں تمام نکات پر تفصیلی بات اور مشاور ت ہو گی جس کے بعد اپوزیشن آئندہ لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کرے گی،انہوں نے کہا کہ تمام دستاویزات سامنے رکھ کر مشاور ت کریں گے،ٹی او آرز پر تمام معاملات کا جائزہ لے کر قوم کو اعتماد میں لیں گے،پارلیمانی کمیٹی کے اب تک ہونے والے اجلاسوں پر تفصیلی معلومات دی گئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف بار بار کہتے ہیں کہ پانا ما لیکس پر تحقیقات کریں لیکن وزیر اعظم کے درباری انہیں بچانے میں لگے ہوئے ہیں،وزیراعظم کو پھر کہنا چاہیے کہ میں انکوائری کے لییے تیار ہوں،انکا موقت تھا کہ جس سے مرضی انکوائری کروا لیں میں تیار ہوں تو پھر جب ٹی او آرز بننے جا رہی ہیں تو انکے درباری جھگڑا کس بات پر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہر بار کہتے ہیں کہ میرا احتساب کو کوئی غلط کام نہیں کیا،میں صاف شفاف ہوں اور کوئی جائیدادیں نہیں بنائیں تو پھر ہم کہتے ہیں کہ اگر کچھ نہیں کیا تو ٹی او آرز بننے دیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ احتساب صرف وزیر اعظم کا ہو،ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ احتساب کا عمل وزیر اعظم سے شروع ہو اور پھر بعد میں سب کا ہو۔