پیمرا نے ’ٹی وی ون‘ کے پروگرام”عشقِ رمضان‘اور آج نیوز کے پروگرام ” رمضان ہمارا ایمان“ پر پابندی لگا دی

ہفتہ 18 جون 2016 10:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جون۔2016ء)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) نے رمضان المبارک کا تقدس پامال کرنے،ناظرین کی دل آزاری اور شکایات کے پیشِ نظر ’ٹی وی ون‘ کے پروگرام”عشقِ رمضان‘اور آج نیوز کے پروگرام ” رمضان ہمارا ایمان“ پر فوری طور پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ پیمرا کی اجانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 4مئی 2016ء کو پیمرا نے ہدایات جاری کیں تھیں کہ تمام ٹی وی چینلز رمضان ٹرانسمشن کی پلاننگ کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق کو مدنظر رکھیں خلاف ورزی اور شکایات موصول ہونے کی صورت میں فوری قانونی ایکشن لیا جائے گا۔

ٹی وی چینلز کی رمضان ٹرانسمشنز کے خلاف پیمرا کو ٹویٹر اکاؤنٹ ، کال سنٹر، ای میل،فیس بک،ایس ایم ایس، واٹس ایپ اور موبائل فون پر 1133 شکایات موصول ہوئی۔

(جاری ہے)

ان شکایات میں رمضان نشریات کی آ ڑمیں صرف ریٹنگ کے لیے مبارک مہینے کے تقدس کو پامال کیے جانے اورمتنازعہ، فرقہ وارانہ اور متشددانہ گفتگو کے نشر ہونے پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے،’ٹی وی ون‘ اور ’آج نیوز‘، پیمرا کے اس فیصلے پر عملدرامد 17جون 2016ء شام سات بجے تک یقینی بنائیں۔

فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں ٹی وی چینلز کی نشریات بند کر دی جائیں گی۔ اس بارے میں احکامات متعلقہ ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس کو جاری کر دئیے گئے ہیں۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دونوں پروگراموں کے میزبان شبیر ابو طالب، حمزہ علی عباسی اور ایک شریکِ گفتگو کوکب نورانی اوکاڑوی نے اگر کسی اور ٹی وی چینل پر اس موضوع پر یا کوئی اور ایسی متنازعہ گفتگو کی تو اُس چینل کے اُس پروگرام کو بھی فوری طور پر بند کر دیاجائے گا۔

پیمرانے فوری طور پر یہ کیس شکایات کونسل کراچی کو بھجوا دیا ہے جو 20جون 2016ء کو تمام فریقین کو سُن کر فیصلہ دے گی ۔اس سلسلے میں تمام فریقین کو سمن جاری کر دیے گئے ہیں۔مذکورہ چینلز پر شکایات کونسل کے فیصلے کے آنے تک اپنی رمضان ٹرانسمشن کسی بھی اور اینکر کے ساتھ پیمرا کے ضابطہ اخلاق کے مطابق چلانے پر کوئی پابندی نہیں ہو گی۔تمام ٹی وی چینلز کو ایک بار پھر متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ رمضان نشریات میں ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں فوری تادیبی کاروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :