پاک افغان حکام کے مذاکرات کامیاب، پاک افغان سرحد طورخم چھ روز بعد کھول دی گئی

تجارتی سرگرمیاں اور شہریوں کی آمدورفت بحال،افغان فورسز کی بارہ جون کو بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک افغان طور خم سرحد بند کر دی گئی تھی

اتوار 19 جون 2016 10:46

طور خم(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جون۔2016ء) پاک افغان حکام کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد پاک افغان سرحد طورخم چھ روز کی بندش کے بعد کھول دی گئی، پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت تجارتی سرگرمیاں اور شہریوں کی آمدورفت بحال ہوگئی جبکہ طورخم شہر میں کرفیو بھی ختم کر دیا ۔بارہ جون کو افغان سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے بعد سرحد بند کردی گئی تھی۔

پاک افغان سرحد طورخم پر پاکستانی حدود میں گیٹ کی تعمیرشروع کی گئی ،افغان سیکورٹی فورسز نے بارہ جون کو بلااشتعال فائرنگ شروع کردی۔بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی اور مارٹر گولے داغے گئے،جس سے پاکستان کی جانب جانی نقصان ہوا۔ ان حملوں میں میجر علی جواد چنگیزی شہید ، ایف سی اور خاصہ دار فورس کے کئی اہل کار اور شہری زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے افغان سیکورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کا بھر پور اور موثر جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے حالیہ دنوں میں بیشتر دہشت گرد اسی راستے کو استعمال کرتے پائے گئے۔دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلیے پاکستان طورخم میں پاکستانی حدود میں گیٹ کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سے پہلے یکم جون کو سیکورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈرطورخم کو غیر قانونی آمد ورفت کے لیے ممنوع قرار دیا تھا۔پاسپورٹ ویزہ کے بغیر اب کسی کو بھی پاک افغان سرحد طورخم عبور کرنے کی اجازت نہیں۔سیکورٹی حکام کے مطابق پاک افغان سرحد طورخم یومیہ اوسطا 25 ہزار سے زائد افرادبغیر سفری دستاویزات کے آمد ورفت کے لیے استعمال کرتے تھے

متعلقہ عنوان :