وزیر اعظم نواز شریف سے سینیٹر پرویز رشید ، طارق فاطمی اورفواد حسن فواد کی ملاقات ،جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

طارق فاطمی نے وزیر اعظم کو طورخم بارڈر پر حالیہ کشیدگی سے پیدا ہونے والی صورتحال ، این ایس جی گروپ میں پاکستان کی شمولیت کے حوالے سے کی جانی والی کوششوں،پرویز رشید نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ٹی او آرز کمیٹی کے اجلاسوں،خورشید شاہ سے ملاقات اور بجٹ اجلاس سے متعلق بریف کیا جلد سے جلد وطن واپس جانا چاہتا ہوں ، ڈاکٹرز نے 26 جون کو دوبارہ چیک اپ کرانے کو کہا ہے ،ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق وطن واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا، پاکستان میں تعمیر و ترقی کا عمل جاری ہے جسے جاری رکھا جائے گا ،نوازشریف

پیر 20 جون 2016 09:57

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جون۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید ، مشیر برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور وزیر اعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد نے ملاقات کی ، ملاقات حسن نواز کی رہائش گاہ پر ہوئی جو ڈیڑھ سے دو گھنٹے تک جاری رہی ، ملاقات میں پرویز رشید ، طارق فاطمی اور فواد حسن فواد نے دل کے کامیاب آپریشن پر وزیر اعظم کو مبارک باد پیش کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

ذرائع کے مطابق طارق فاطمی نے وزیر اعظم نواز شریف کو طورخم بارڈر پر حالیہ کشیدگی سے پیدا ہونے والی صورتحال ، این ایس جی گروپ میں پاکستان کی شمولیت کے حوالے سے کی جانی والی کوششوں اور اس سلسلے میں دفتر خارجہ کے یورپی ممالک سے رابطے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی اور افغان نائب وزیر خارجہ کی قیادت میں افغان وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے وزیر اعظم کو ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ٹی او آرز کمیٹی کے اجلاسوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت ٹی او آرز کے حوالے سے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے ۔ لیکن اپوزیشن جماعتیں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں ۔ وزیر اعظم کو الیکشن کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا ۔ پرویز رشید نے نواز شریف کو اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے ہونی والی ملاقاتوں اور بجٹ بحث کے حوالے سے جاری قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی سے بھی آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے اراکین کو بتایا کہ انہوں نے گزشتہ روز اپنا طبی معائنہ کرایا انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے 26 جون کو دوبارہ چیک اپ کرانے کو کہا ہے جس کے بعد ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق وطن واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ جلد سے جلد وطن واپس جانا چاہتا ہوں ۔ پاکستان میں تعمیر و ترقی کا عمل جاری ہے ۔ جسے جاری رکھا جائے گا ۔ وزیر خزانہ نے جامع بجٹ پیش کیا جس میں عوام کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ۔ ترقیاتی بجٹ بھی بڑھایا گیا ۔ ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد نے وزیر اعظم کو اہم فائل ورک کے حوالے سے بھی بریف کیا۔