رمضان کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ

تحریک انصاف جماعت اسلامی اور پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ پیپلز پارٹی بھی حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی

پیر 20 جون 2016 09:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جون۔2016ء) رمضان المبارک کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کر لیا ہے، پاکستان تحریک انصاف جماعت اسلامی اور پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ پیپلز پارٹی بھی حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔ پانامہ لیکس پر حکومت کی جانب سے اپوزیشن کے ٹی او آر تسلیم نہ کرنے اور وزیراعظم نواز شریف کا نام تحقیقات کمیٹی میں سر فہرست رکھنے کے معاملے پر اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے حکومت کو جو ٹی او آرز پیش کئے تھے ان کو حکومت نے تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ تحقیقات میں وزیراعظم نواز شریف کا نام کسی طور شامل نہیں کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پانامہ لیکس کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سمیت اپوزیشن جماعتیں مکمل طور پر متفق ہیں اور حکومت کی جانب سے اپوزیشن کے ٹی او آر تسلیم کئے جانے کی صورت میں اپوزیشن جماعتیں عید الفطر کے بعد سڑکوں پر انے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس وقت اپوزیشن کی تمام جماعتیں حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے لئے مناسب وقت کا انتظار کر رہی ہے اور تمام سیاسی جامعتوں نے اپنے کارکنوں کو تیار رہنے کا حکم دیدیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کے بعد حکومت کے پاس اپوزیشن کی شرائط ماننے کے علاوہ کوئی چارہ نہ ہو گا۔