تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں نوازشریف کی نااہلی کا ریفرنس دائر کر دیا

وزیراعظم نے اثاثوں کی تفصیلات غلط ظاہر کیں،72صفحات پر مشتمل شواہد کی پٹیشن ڈاکٹر یاسمین ارشد کی مدعیت میں جمع کروائی جب کوئی راستہ باقی نہ رہیتب عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹانے پڑتے ہیں، امید ہے الیکشن کمیشن پٹیشن کی سماعت جلد از جلد کریگا،نعیم الحق

اتوار 26 جون 2016 10:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جون۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے اثاثوں کی تفصیلات غلط ظاہر کرنے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان میں وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کا ریفرنس دائر کر دیا۔ الیکشن کمیشن میں 72صفحات پر مشتمل شواہد کی پٹیشن ڈاکٹر یاسمین ارشد کی مدعیت میں جمع کروائی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق، عندلیب عباس اور ڈاکٹر یاسمین ارشد نے الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری سے ملاقات کی اور 2013کے جنرل الیکشن میں وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے الیکشن کمیشن میں اپنے اثاثوں کی غلط تفصیلات ظاہر کرنے پر ڈاکٹر یاسمین کی مدعیت میں 72صفحات پر مشتمل درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر دی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف 2013ء کے الیکشن کمیشن کو اپنے اثاثے سے متعلق جو بیان حلفی جمع کروایا گیا تھا وہ غلط ہے بلکہ وزیراعظم نواز شریف دیگر اثاثوں کے بھی مالک ہیں جو انہوں نے الیکشن کمیشن سے چھپائے رکھے۔

(جاری ہے)

لہذا الیکشن کمیشن وزیراعظم نواز کو اثاثوں کی غلط تفصیلات ظاہر کرنے پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے نا اہل قرار دے۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ جب کوئی راستے باقی نہ رہے تب عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹانے پڑتے ہیں۔ ہم نے 72صفحات پر مشتمل پٹیشن میں بہت سے شواہد جمع کروائے یں۔ امید ہے کہ الیکشن کمیشن ہماری پٹیشن کی سماعت جلد از جلد کرے گا اور وزیراعظم کو نا اہل قرار دے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہی الیکشن کمیشن میں گزشتہ 3سال کے کیسز زیر التوا ہیں اور آئندہ الیکشن کو دو سال باقی ہے ہم امید کرتے ہیں الیکشن کمیشن تمام درخواستوں کو جلد از جلد نمٹا دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی او آرز حکومتی ٹیم کے باعث ناکام ہو چکے ہے لگتا ہے عید کے بعد فیصلے سڑکوں پر ہی ہوں گے۔