افغانستان میں ٹی ٹی پی اور افغان طالبان کے درمیان جھڑپ میں 14 جنگجو ہلاک

صوبہ کنڑ میں ہونے والی جھڑپ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 8 اور افغان طالبان کے 6 کارکن مارے گئے

اتوار 26 جون 2016 10:43

کنڑ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جون۔2016ء) میں تحریک طالبان پاکستان اور افغان کے درمیان جھڑپ میں 14 جنجگو ہلاک ہوگئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق افغان وزارت دفاع کے حکام نے مشرقی افغانستان میں مسلح تصادم کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں گروپوں میں مشرقی صوبہ کنڑ کے ضلع سرکنو میں جھڑپ ہوئی ہے جس کے دوران تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 8 اور افغان طالبان کے 6 کارکن مارے گئے ہیں جب کہ دونوں اطراف کے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب افغان طالبان نے ٹی ٹی پی کے ساتھ ایسے کسی بھی واقعہ سے انکار کیا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مقامی جنگجووٴں کے درمیان ان کے کسی ذاتی معاملے پر پیش آیا ہے جب کہ تحریک طالبان پاکستان کا اس معاملے پر موٴقف سامنے نہیں آسکا۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستانی قبائلی علاقے مہمند ایجنسی سے ملحقہ افغان صوبے کنڑ کے پولیس چیف نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مذکورہ علاقہ سیکیورٹی فورسز کی عملداری سے باہر ہے اور جب ٹی ٹی پی کے جنگجو اپنے ساتھیوں کی مدد کے لیئے جارہے تھے تو ان پر امریکی ڈرون حملہ بھی کیا گیا جس میں 7 ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

یہ بات ابھی واضح نہیں ہوسکی ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق ٹی ٹی پی کے کس گروپ سے تھا تاہم مذکورہ علاقے میں جماعت الاحرار نامی طالبان گروپ زیادہ سرگرم نظر آتا ہے جو کہ پاکستانی قبائلی علاقوں میں پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کے بعد کنڑ اوراس سے ملحقہ علاقوں میں پناہ لیئے ہوئے ہے۔