کچھ قوتیں دہشت گردی کے ذریعہ ریاست کے طرز زندگی کو تبدیل کرنا چاہتی ہیں،میاں رضاربانی

امجد صابری کے جنازے میں ہزاروں افراد کی شرکت نے ان قوتوں کے منہ پر طمانچہ مار دیا یہ ثابت کر دیا ہم آخری دم تک اپنے مذہب اور اپنی روایات کا دفاع اور ر دہشت گردی پھیلانے والوں کے مقاصد کو ناکام بنائیں گے عبدالستار ایدھی کا مشن انسانیت کا انسانیت کی خدمت ہے ، وفاقی حکومت سے کہوں گا ان کے نام کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا جائے،عبدالستار ایدھی کی عیادت اور امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد قائم مقام صدر اور چیئرمین سینٹ کی تفصیلی گفتگو

پیر 27 جون 2016 10:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جون۔2016ء) قائم مقام صدر اور چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے کہاہے کہ کچھ قوتیں دہشت گردی کے ذریعہ ریاست کے طرز زندگی کو تبدیل کرنا چاہتی ہیں لیکن امجد صابری کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے ان قوتوں کے منہ پر طمانچہ مار دیا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم آخری دم تک اپنے مذہب اور اپنی روایات کا دفاع کریں گے اور دہشت گردی پھیلانے والوں کے مقاصد کو ناکام بنائیں گے ۔

عبدالستار ایدھی کا مشن انسانیت کا انسانیت کی خدمت ہے ۔ وفاقی حکومت سے کہوں گا کہ عبدالستار ایدھی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے نام کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی میں معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی عیادت اور معروف قوال امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ان کے ہمراہ سینیٹر سعید غنی ، سینیٹر طاہر مشہدی اور سینیٹر شاہی سیدبھی تھے ۔قائم مقام صدر میاں رضا ربانی لیاقت آباد میں امجد صابری کی رہائش گاہ پہنچے ، جہاں انہوں نے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی ۔ میڈیا سے بات چیت میں میاں رضا ربانی نے کہاکہ وہ قوتیں جو یہ سمجھتی ہیں کہ شاید وہ دہشت کے ذریعے ریاست کے طرز زندگی کو تبدیل کرسکیں گے، انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے عوام نے جس طریقے سے صابری صاحب کی شہادت کے بعد ان کے جنازے میں شرکت کی اور جس طرح پورا ملک اشکبار ہوا وہ ان قوتوں کے منہ پر کھلا طمانچہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امجد صابری کا فن نہ آپ کمرے میں بند کرسکتے ہیں اور نہ ہی قبر میں اتار سکتے ہیں کیونکہ وہ لوگوں کے ذہنوں میں بند ہے اور وہ جب زندہ تھے تو اپنے اندر اپنے رب کو تلاش کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ امجد صابری سے ذاتی تعلق بھی تھا جب کہ گزشتہ ماہ ہی میری آخری گفتگو ان سے فون پر ہوئی تھی، وہ انتہائی نفیس اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے۔

انہوں نے امید ظاہرکی کہ صوبائی اور وفاقی حکومت باہمی تعاون کے ذریعے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ امجد صابری کی والدہ اور اہل خانہ ہم سب کو ایک صابری سمجھیں۔اس سے قبل چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی سینیٹرز طاہر مشہدی، سعید غنی اور شاہی سید کے ہمراہ ایدھی ہوم پہنچے جہاں انہوں نے عبدالستار ایدھی کی عیادت کی۔

عیادت کے دوران انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں ایدھی صاحب جیسی مثال بہت کم ہی ملے گی۔ انہوں نے اپنی زندگی کو جس کام کے لیے وقف کیا وہ ایک مثال ہے جب کہ چیئرمین سینیٹ نے عبدالستارایدھی کے پیرکوہونے والے آپریشن کے حوالے سے کہا کہ ساری قوم ان کے لیے دعا گو ہے کہ ان کا آپریشن کامیاب ہو اور وہ جلد صحت یاب ہوں۔عبدالستار ایدھی کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں رضا ربانی نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے مثال ہیں ۔

انہوں نے اپنی ساری زندگی انسانیت کے لیے وقف کر دی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم دعا گو ہیں کہ عبدالستار ایدھی جلد صحت یاب ہوں ۔ ڈاک کی ٹکٹ پر ان کی تصویر کا معاملہ کافی عرصے سے رکا ہوا ہے ۔ میں اسلام آباد جا کر اس معاملے پر بات کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے بیرون ملک علاج سے انکار کرکے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے ۔ پاکستان میں علاج معالجے کی تمام سہولتیں موجود ہیں ۔

ہمارے پارلیمنٹیرینز کو بھی چاہئے کہ وہ ملک میں ہی علاج کرائیں ۔ میاں رضا ربانی کے ہمراہ سینیٹر شاہی سید ، سینیٹر سعید غنی اور سینیٹر طاہر مہدی بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے کہا کہ پیر کو ایدھی صاحب کا ایک چھوٹا سا آپریشن ایس آئی یو ٹی میں ہو گا ۔ آپریشن میں ڈائیلائسز کے لیے لگایا گیا کیتھیٹر تبدیل کیا جائے گا ۔