میرے استقبال اور دیگر دتقریبات منسوخ کردیں،وزیر اعظم کی کارکنوں سے اپیل

قوم کی محبت ہی میرا سب سے بڑا اثاثہ ہے،انشاء اللہ جلد کارکنوں کے درمیان میں ہوں گا،قوم عید کی خوشیوں کے موقع پر شہداء کو دعاؤں میں ضرور یا د رکھیں، بیان

جمعہ 1 جولائی 2016 10:20

اسلام آباد،لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1جولائی۔2016ء)وزیر اعظم نواز شریف نے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ میرے استقبال اور دیگر تقریبات منسوخ کر دیں ،وزیر اعظم نے جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ میری وطن واپسی کے موقع پر کارکن ایک بڑے استقبالیہ پروگرام کی تیاریاں کر رہے ہیں، مجھے آپ کی محبت اورخلوص کا پوری طرح اندازہ ہے،قوم کی محبت ہی میرا سب سے بڑا اثاثة ہے، میں نے اپنے آپریشن کے حوالے سے بھی آپ کی اْس محبت اور خلوص کا ایسا مثالی مظاہرہ دیکھا ہے جو میرے لئے ایک بڑا اعزاز ہے، آپ کی انہی دعاوٴں کی قبولیت اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے میرے حساس آپریشن کا مرحلہ بخیروخوبی مکمل ہوا اور میری صحت تسلی بخش طور پر بحال ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی یہ محبت میرا اور میری جماعت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔

(جاری ہے)

اسی سے مجھے وطن عزیز کی خدمت کا عزم اور توانائی ملتی ہے۔ڈاکٹروں کی طرف سے حتمی اجازت ملتے ہی میں انشاء اللہ بہت جلد آپ کے درمیان موجودہوں گا اور انشاء اللہ ہم ایک دوسرے کے شانہ بشانہ اور قدم بہ قدم پاکستان کی تعمیر و ترقی اور امن و خوشحالی کا سفر جاری رکھیں گے۔

میں آپ کی محبت و خلوص سے بھرے جذبات و احساسات کے پورے احترام کے ساتھ میں آپ سے اپیل کرتاہوں کہ آپ میرے استقبال اور ایسی ہی دیگر تقریبات منسوخ کردیں۔ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ختم ہورہا ہے۔ چند دنوں بعد عید آرہی ہے۔ آپ اپنی دینی اور تہذیبی روایات کے مطابق اس عظیم مذہبی تہوار کی تیاریاں کیجئے۔ حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے واقعات بھی ہم سب کے لئے رنج وغم کا باعث ہیں۔ عید مناتے وقت ان شہداء اور ان کے لواحقین کو دعاوٴں میں ضرور یاد رکھیے۔میں ایک بار پھر آپ سب کا اپنی ماوٴں ،بہنوں، بیٹیوں، بزرگوں اور نوجوانوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتاہوں کہ انہوں نے مجھے اپنی محبتوں اور دعاوٴں سے نوازا۔

متعلقہ عنوان :