آرمی چیف نے کراچی اجلاس میں سیاستدانوں اور پولیس کو وارننگ دی، نبیل گبول کا دعویٰ

سربراہ پاک فوج نے کہا محنت کے باوجود سیاستدانوں کی طرف سے اسطرح کے نتائج قبول نہیں، سابق رکن قومی اسمبلی

جمعہ 1 جولائی 2016 10:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1جولائی۔2016ء) سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے دعویٰ کیاہے کہ2روز قبل کراچی میں ہونے والی میٹنگ میں آرمی چیف نے واضح الفاظ میں وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ شہادتیں ہورہی ہیں ، ہم اتنی محنت کررہے ہیں اور اس کا نتیجہ سیاسی لوگ اس طرح دے رہے ہیں ، یہ چیز ہم برداشت نہیں کریں گے ، وارننگ ان لوگوں کیلئے تھی جو کراچی آپریشن میں مداخلت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک انٹر ویو میں گفتگوکرتے ہوئے نبیل گبول نے واضح کیاکہ جن لوگوں کو وارننگ دی گئی ، ان میں حکومت ، پولیس اور وہ لوگ شامل ہیں جوعزیر بلوچ اور نثار مرائی یا ڈاکٹرعاصم کی جے آئی ٹی پر دستخط نہیں کررہے، لوگوں کو پکڑنے کے بعد جے آئی ٹی کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاتاکیونکہ پولیس افسردستخط نہیں کررہے ،ان افسران کو بھی اپنی پوسٹنگ پیاری ہے ، اچھی نشستیں لیناچاہتے ہیں ، کراچی آپریشن کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی لیکن یہ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ آرمی چیف ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔

نبیل گبول نے بتایاکہ جمہوریت کے دعوے دار اور اس کے گانے پر ناچنے والے سمجھ جائیں کہ فوج جمہوریت دشمن نہیں اور نہ ہی مارشل لاء کی حامی ہے لیکن یہ لوگ اپنے اپنے آپ کو مظلوم بنانے کے لیے مارشل لاء لگواناچاہتے ہیں۔