عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ نے مریم نواز کو تحریری معافی مانگ لی ،پروٹوکول ایشو پر انکوائری کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کو درخواست دیدی

پیر 4 جولائی 2016 10:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4جولائی۔2016ء) عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ نے مریم نواز کو تحریری معافی نامہ ارسال کرتے ہوئے باضابطہ معذرت کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ نے مریم نواز کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ ”عاصم گجر کے اہل خانہ نے مجھ سے غلط بیانی کی کہ یہ پولیس موبائلیں وزیر اعظم کی صاحبزادی کے پروٹوکول پر مامور ہیں جبکہ میں یہ تصور بھی نہیں کرسکتی تھی کہ اْن کے گھر والے اس طرح کرسکتے ہیں“۔

ڈاکٹر عظمیٰ نے مریم نواز شریف سے معافی طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تر صورتحال غلط بیانی کی وجہ سے پیش آئی، تاہم حقیقت سامنے آنے پر بہت افسوس ہوا“۔ڈاکٹر عظمیٰ نے خط میں مزید لکھا ہے کہ ”پولیس اہلکاروں نے میرے اور بچوں کے ساتھ بدتمیزی کی اور مسلسل غیر اخلاقی زبان استعمال کرتے رہے، انہوں نے اپنی پستولوں کا رْخ ہماری طرف کیا ہوا تھا “۔

(جاری ہے)

واضح رہے یکم جولائی کو لاہور کے علاقے گلبرگ 2 میں ڈاکٹر عظمیٰ نے پنجاب پولیس نے مبینہ تلخ کلامی کا الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اْن کا کہنا تھا کہ ”وی آئی پی پروٹوکول پر کھڑی پولیس موبائل نیاْن کی گاڑی کو رْکنے کا اشارہ دیا گیا اور جیسے گاڑی روکی تو پیچھے سے دوسری موبائل نے ان کی گاڑی کو ٹکر مار دی، جس کے بعد مسلح افراد گاڑی سے اتر کرآئے اور ڈاکٹر عظمی ٰ کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی بھی کی تھی۔

ادھرپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمی خان نے پروٹوکول ایشو پر مریم نواز کا نام لینے پر ان سے معذرت کرتے ہوئے انکوائری کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو درخواست دے دی ہے درخواست کے متن میں ڈاکٹر عظمیٰ خان نے موقف اختیار کیا ہے کہ اس بات کی انکوائری کی جائے کہ پروٹوکول کس کا تھا اس میں شامل کون لوگ تھے درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں مسلح قافلے کا علم نہ ہونا پولیس اور انتظامیہ کی نااہلی ہے انہوں نے مطالبہ کیا ہے مجھے اور میرے بچوں کو حراساں کرنے والوں کو پکڑا جائے اور بلیو کیب کے مطابق غیر قانونی پروٹوکول لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔