کراچی کو ’را‘ چلاتی ہے، مصطفیٰ کمال کا دعویٰ

کراچی میں فورسز کے آپریشن سے حتمی نتائج حاصل نہیں کیے جاسکتے نتائج کے حصول کیلئے صوبائی حکومت کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے را کے ایجنٹ شہر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں،سربراہ پاک سرزمین پارٹی

پیر 4 جولائی 2016 10:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4جولائی۔2016ء) پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ اور کراچی کے سابق ناظم مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ کراچی میں بدامنی کے پیچھے ہندوستانی خفیہ ایجنسی را کا ہاتھ ہے، جو اس شہر کو آپریٹ کررہی ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا اگر متحدہ قومی مومنٹ ( ایم کیو ایم) یہ کہتی ہے کہ شہر میں حالات خراب کرنے میں کوئی اور طاقت ملوث ہے تو انہیں اس کا نام لینا چاہیے۔

پی ایس پی کے چیئرمین کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین خود تحریری طور پر اسکاٹ لیڈ یارڈ کو لکھوا چکے ہیں کہ وہ 22 سال سے را سے فنڈز لے رہے ہیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انہیں تو یہ بھی معلوم ہے کہ را کے ایجنٹ یہاں کام کررہے ہیں جو شہر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں، کیونکہ ہندوستان پاکستان کو مستحکم دیکھنا نہیں چاہتا۔

(جاری ہے)

کراچی میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائیوں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک یا دو دن کا کام نہیں ہے۔انھوں نے واضح کیا کہ کراچی میں فورسز کے آپریشن سے حتمی نتائج حاصل نہیں کیے جاسکتے اور اس کے لیے صوبائی حکومت کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فورسز جو آپریشن کرتی ہیں ان سے ایک خلا پیدا ہوتا ہے اور اس خالی جگہ کو پر کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ایم کیو ایم کی جانب سے پاک سرزمین پارٹی پر امجد صابری کو دھمکیاں دیے جانے کے الزام سے متعلق سوال پر انھوں کسی قسم کا تصبرہ کرنے سے انکار کیا۔تاہم مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کا وہ لیول ہی نہیں ہے جو اس طرح کے کام کریں اور جب متحدہ کے کارکن ہماری گاڑی پر ڈنڈے مار رہے تھے تب بھی ہم نے کسی کو کچھ نہیں کہا اور خاموش رہے، کیونکہ ہم نے مارنے یا مرنے کی سیاست ہی نہیں کرنی واضح رہے کہ معروف قوال امجد فرید صابری کو گزشتہ ماہ 22 جون کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔

اس واقعے کے بعد متحدہ رہنماوں نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ امجد صابری کو پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے دھمکیاں مل رہیں تھیں۔یاد رہے کہ رواں ماہ 3 مارچ کو ایم کیو ایم کے سابق سینیٹر اور سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے پارٹی سے الگ ہو کر نئی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا، جبکہ 23 مارچ کو انھوں نے اپنی جماعت پاک سرزمین پارٹی کی بناد رکھ دی۔

متعلقہ عنوان :