مشیر برائے خارجہ امور سر تاج عزیز کا اپنے سعودی ہم منصب کو خط،دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت، حملوں کی تحقیقات میں پاکستان کی طرف سے بھر پور معاونت کی پیشکش کی

پاکستان حرمین الشریفین کی حفاظت کو اپنا فرض سمجھتا ہے،مدینہ المنورہ میں مسجد نبوی کے قریب دہشت گردی کا واقعہ ناصرف انتہائی قابل مذمت ہے بلکہ پاکستان سمیت پوری مسلم دنیا کیلئے لمحہ فکریہ ہے،وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کی پی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 6 جولائی 2016 10:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6جولائی۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف کے مشیر برائے خارجہ امور سر تاج عزیز نے سعودی عرب میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے،دفتر خارجہ کے مطابق انھوں نے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیل کے نام اپنے ایک خط میں سعودی عرب میں دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے حکومت پاکستان اور اپنے دلی دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت سے اپنی دائمی وابستگی کا اعادہ کرتا ہے۔

انھوں نے اپنے خط میں ان حملوں کی تحقیقات میں پاکستان کی طرف سے سعودی حکام کی بھر پور معاونت اور مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔سعودی عرب بالخصوص مدینہ المنورہ میں دہشت گرد حملوں کو اسلامی دنیا کیلئے انتہائی تشویشناک معاملہ قراردیتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان حملوں کی تحقیقات میں ہر طرح کا تعاون کرے گا۔

(جاری ہے)

منگل کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے حملوں کے بعد تعزیت کیلئے اپنے سعودی ہم منصب کو فون بھی کیا اور انہیں یقین دلایا کہ پاکستان حرمین الشریفین کی حفاظت کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں مدینہ المنورہ میں مسجد نبوی کے قریب دہشت گردی کا واقعہ ناصرف انتہائی قابل مذمت ہے بلکہ یہ معاملہ پاکستان سمیت پوری مسلم دنیا کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ صدرمملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس مشکل کی اس گھڑی میں میں سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔