دکھی انسانیت کے مسیحا ،فقیر منش ، درویش صفت ، انسان دوست عظیم عبدالستار ایدھی انتقال کر گئے ،پورا ملک سوگوار ،لوگ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے،وزیر اعظم کا نشان امتیاز ،ایک روزہ سوگ کا اعلان،سندھ اور خیبر پختونخوا حکومت کا 3روزہ سوگ کا اعلان

عبد الستار ایدھی کو جمعہ کے روز ڈائلسنز کے دوران سانس اکھڑنے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ،نماز جنازہ آج ہفتہ بعد از نماز ظہر بولٹن مارکیٹ میمن مسجد ،تدفین ایدھی ویلج میں کی جائے گی عبدا لستار ایدھی کی پورے اعزاز کے ساتھ تدفین کی جائے گی

ہفتہ 9 جولائی 2016 11:04

کراچی /اسلام آباد/لاہور/پشاور/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جولائی۔2016ء )چھ دہائیوں تک دکھی انسانیت کے مسیحا بنے رہنے والے ،فقیر منش ، درویش صفت ، انسان دوست عظیم عبدالستار ایدھی انتقال کر گئے ، وزیر اعظم نواز شریف نے عبد الستار کو نشان امتیاز اور ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ،عبد الستار ایدھی کے انتقال کی خبر سنتے ہی پوری قوم سوگوار ہو گئی اور لوگ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے ، عبد الستار ایدھی کو جمعہ کے روز ڈائلسنز کے دوران سانس اکھڑنے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تاہم وہ رات کے وقت اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ، عبد الستار ایدھی کی نماز جنازہ آج ہفتہ بعد از نماز ظہر بولٹن مارکیٹ میمن مسجد کراچی میں ادا کی جائے گی جبکہ انکی تدفین ایدھی ویلج میں کی جائے گی ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کے مطابق عبدا لستار ایدھی کی پورے اعزاز کے ساتھ تدفین کی جائے گی، صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم محمد نواز شریف ، چیئرمین سینیٹ رضا ربانی ، چاروں گورنرز ،وزرائے اعلیٰ ،قائد حزب اختلاف خورشید شاہ ،مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ، عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سمیت وفاقی و صوبائی وزراء ، سیاسی جماعتوں کے مرکزی و صوبائی قائدین نے عبد الستار ایدھی کے انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک و قوم کیلئے نا قابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری دنیا میں عبد الستار ایدھی جیسی ایک بھی شخصیت موجود نہیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی ، دکھی انسانیت کے مسیحاعبد الستار ایدھی طویل عرصہ سے گردوں سمیت دیگرا مراض میں مبتلا تھے ۔ شوگر اور بلند فشار خون کا عارضہ لا حق ہونے کے باعث ان کے گردے فیل ہو گئے تھے اور اس کے بعد 2013 سے ڈائلسز ٹریٹمنٹ دیا جا رہا تھا۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور اعلیٰ شخصیات کی طرف سے عبد الستار ایدھی کو بیرون ممالک علاج معالجے کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے اسے معذرت کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے اپنے ملک میں ہی علاج معالجے کو ترجیح دی ۔

انکے صاحبزادے فیصل ایدھی کے مطابق جمعہ کے روز کراچی کے ایس آئی ٹی یو میں ڈائلسز کے دوران ان کی سانس اکھڑ نے پر ڈاکٹروں نے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا تھا۔ انکے صاحبزادے فیصل ایدھی نے رات کے وقت دکھی دل کے ساتھ اپنے والد کے انتقال کی اطلاع میڈیا کو دی۔ ان کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی نے وصیت کی تھی کہ وہ جس لباس میں وفات پائیں، اسی میں ان کی تدفین کی جائے جبکہ انہوں نے اپنے اعضا بھی عطیہ کرنے کی وصیت کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ انکے والد کی نماز جنازہ نماز از نماز ظہر کے بعد بولٹن مارکیٹ میمن مسجد میں ادا کی جائے گی اور تدفین ایدھی ولیج میں کی جائے گی۔ فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی نے 25سال قبل ایدھی ویلیج میں اپنی قبر تیار کی تھی اور ان کی تدفین وہی پر ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ عبد الستار ایدھی نے نے اپنی آنکھیں عطیہ کردیں۔قبل ازیں ایس آئی یو ٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی 10سال سے ایس آئی یو ٹی میں علاج کرارہے ہیں جبکہ 2013سے ان کا ڈائیلاسز بھی یہی ہورہا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ عبد الستار ایدھی چھ گھنٹے تک وینٹی لیٹر پر رہے ۔عبد الستار ایدھی کے انتقال کی خبر ملتے ہی پوری قوم سوگوار ہو گئی اور لوگ دھاڑیں مار مار کر رونا شروع ہو گئے ہیں۔ ملک بھر میں قائم ایدھی فاؤنڈیشن کے ملازمین اور کارکنان پر عبد الستار ایدھی کے انتقال کی خبر بجلی بن کر گری اور تمام افراد ایکد وسرے سے گلے لگ کر روتے رہے ۔

عبد الستار ایدھی کے انتقال کی خبر ملتے ہی لوگوں کی ایک بڑی تعداد ان کی رہائشگاہ پہنچ گئی اور انکے صاحبزادے اور دیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے رہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت عبد الستار ایدھی کی پورے اعزاز کے ساتھ تدفین کر ے گی ۔ بتایاگیا ہے کہ ملک بھر سے اعلیٰ شخصیات کے علاوہ عوام کے بڑی تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کیلئے کراچی پہنچیں گے جس کے لئے انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں ۔

صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم محمد نواز شریف ، چیئرمین سینیٹ رضا ربانی ، چاروں گورنرز ،وزرائے اعلیٰ ،قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ،مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ، عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سمیت وفاقی و صوبائی وزراء ، سیاسی جماعتوں کے مرکزی و صوبائی قائدین نے عبد الستار ایدھی کے انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک و قوم کیلئے نا قابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری دنیا میں عبد الستار ایدھی جیسی ایک بھی شخصیت موجود نہیں ۔

اعلیٰ حکومتی شخصیات ، سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کا کہنا تھاعبد الستار ایدھی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور قوم انہیں کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔ عبد الستار ایدھی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں انسانیت کے لئے اثاثہ تھے انکے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔ سندھ اور خیبر پختونخوا حکومت نے عبدالستار ایدھی کے انتقال پرسرکاری سطح پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :