سعودیہ خودکش حملے: 12 پاکستانیوں سمیت 19افراد گرفتار

مسجد نبوی کے باہر دھماکا کرنے والا شخص نشے کا عادی تھا، سعو دی حکام

ہفتہ 9 جولائی 2016 11:12

ریاض( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جولائی۔2016ء ) سعودی عرب کے شہر قطیف اور مدینہ منورہ میں مساجد کے قریب خود کش دھماکے کرنے والے 3 حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی جبکہ 12 پاکستانیو ں سمیت 19 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ بر طا نو ی خبر رساں ادارے نے سعودی وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے باہر دھماکا کرنے والے شخص کی شناخت 26 سالہ نائر حماد النجیدی کے نام سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حملہ آور نشے کا عادی تھا اور اس نے سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا۔ حکام کے مطا بق سعودی عرب میں ہونے والے خودکش حملوں کی تحقیقات میں 19 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے 12 پاکستانی ہیں تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ پانچ جولائی کو جدہ میں امریکی قونصل خانے کے باہر جب کہ قطیف میں ایک مسجد اور تیسرا مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے باہر خودکش حملے ہوئے تھے، سعودی وزارت داخلہ نے امریکی قونصل خانے کے باہر خودکش دھماکہ کرنے والے کی شناخت پاکستانی شہری کی حیثیت سے ظاہر کی تھی لیکن پاکستان نے اس کی شہریت کی تصدیق سے انکار کردیا ہے۔