فخر پاکستان عبد الستار ایدھی خو داپنے ہاتھوں سے تیار کردہ قبر میں سپرد خاک

نماز جنازہ نیشنل اسٹیڈیم میں مولانا احمدخان نیازی کی امامت میں ادا کی گئی صدر ممنون حسین،تینوں مسلح افواج کے سربراہان، رضا ربانی، قائم علی شاہ،وزیراعلیٰ شہباز شریف، عشرت العباد سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی وزیر اعظم ، صدر اور آر می چیف کی جانب سے عبد الستار ایدھی کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئی، گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا

اتوار 10 جولائی 2016 11:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جولائی۔2016ء) بین الاقوامی شہرت یافتہ معروف سماجی رہنما اور فخر پاکستان عبد الستار ایدھی خو داپنے ہاتھوں سے تیار کی گئی قبر میں سپرد خاک کر دیئے گئے ۔ہفتہ کے رو بعد نماز ظہر عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ نیشنل اسٹیڈیم میں مولانا احمدخان نیازی کی امامت میں ادا کی گئی ۔ صدر پاکستان ممنون حسین،تینوں مسلح افواج کے سربراہان،چیئرمین سینٹ رضا ربانی،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف،گورنرسندھ عشرت العباد سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے نیشنل اسٹیڈیم میں عبدالستارایدھی کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔

فخرِ پاکستان عبد الستار ایدھی کی نماز جنا زہ میں سیاسی رہنماوٴں صو با ئی وزیر نثار کھو ڑو،سینیٹر سعید غنی،جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان،ایم کیوایم کے ڈاکٹر فاروق ستار،خواجہ اظہار الحسن پاک سرزمین پا رٹی کے ڈا کٹر صغیر احمد،وسیم آفتاب نامزد ڈپٹی میئرارشد وہرا،اے این پی کے شاہی سید ،پی ٹی آئی کے اسدعمر،عمران اسماعیل اورعارف علوی نے بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

عبدالستار ایدھی کی تدفین ایدھی ویلج سپر ہائی وے پر کی گئی ،میت کو غسل ان کے صاحبرادے فیصل ایدھی نے دی،عبدالستار ایدھی کی آنکھیں ان کی وصیت کے مطابق عطیہ کردی گئیں۔عبدالستار ایدھی کو گارڈ آف آنر اور سلامی بھی دی گئی اور انہیں سرکاری اعزار کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔یاد رہے کہ ایدھی ویلیج میں عبدالستار ایدھی نے25برس قبل خود اپنے لئے قبر تیار کی تھی۔

وزیراعظم نواز شریف اور صد ر مملکت ممنون حسین کی جانب سے عبدالستار ایدھی کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی اور دعائے مغفرت کی۔ پاک فوج کے تازہ دم دستے نے عبدالستار کو سلامی بھی پیش کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف اور صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور چیف آف نیول سٹاف کی جانب سے بھی انکی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی اور دعائے مغفرت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور صدر مملکت کی جانب سے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، گورنر سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئی ہیں جبکہ ڈی جی رینجرز نے عبدالستار ایدھی کو گارڈ آف انر بھی پیش کیا۔