وزیراعظم دل کے آپریشن کے بعد 48دن لندن قیام کرکے وطن واپس پہنچ گئے

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزراء ودیگر شخصیات نے ائیرپورٹ پر استقبال کیا وزیر اعظم کا طیارہ پاکستانی حدود میں داخل ہونے سے قبل سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے وزیر اعظم کو خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے رائے ونڈ روڈ جاتی عمرہ پہنچا یا گیا

اتوار 10 جولائی 2016 11:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جولائی۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف دل کے کامیاب آپریشن کے بعد برطانیہ سے 48روز بعد وطن واپس پہنچ گئے ،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزراء ودیگر شخصیات نے علامہ انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر استقبال کیا ،وزیر اعظم کا طیارہ پاکستانی حدود میں داخل ہونے سے قبل سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔ ۔ اُنہیں برطانیہ سے واپسی کے بعد خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے رائے ونڈ روڈ جاتی عمرہ پہنچا دیا گیا۔

اس حوالے سے لاہور ائرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ ائرپورٹ کی سکیورٹی کا انتظام لاہور ائرپورٹ سکیورٹی فورس کے علاوہ وزیراعظم کی خصوصی سکیورٹی اہلکاروں نے انجام دیا۔ 1800 پولیس اہلکار ائرپورٹ اور اطراف میں تعینات تھے ان کی آمد سے قبل سی سی پی او لاہور امین وینس نے سکیورٹی کا جائزہ لیا اور وزیراعظم رائے ونڈ پہنچے تو سینکڑوں کارکن ان کے گھر کے باہر موجود تھے جو وزیراعظم کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے، اس موقع پر انہیں خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے رائے ونڈ روڈ جاتی عمرہ پہنچا دیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف مئی کے آخر میں دل کے آپریشن کے لئے لندن گئے تھے جہاں پر ان کا آپریشن ہوا اور وہ 48دن ملک سے باہر رہنے کے بعد ہفتہ کی شام سات بجے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور ائرپورٹ پرپہنچے ائرپورٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق ، وفاقی وزراء ، احسن اقبال ، رفیق رجوانہ ، چوہدری نثار علی خان ، عابد شیر علی اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔