وفاقی کابینہ ، سی ایس ایس امتحان کیلئے حد عمر 28سال سے بڑھا کر 30سال کرنیکی منظوری

ہفتہ 16 جولائی 2016 11:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16جولائی۔2016ء) وفاقی کابینہ نے سی ایس ایس امتحان کے لئے حد عمر 28سال سے بڑھا کر 30سال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ پاکستان کے سول سروس کی سب سے بڑا مقابلے کا امتحان کے لئے امیدواروں کی حد عمر کو بڑھا دیا ہے اور سمری وزیراعظم سے منظوری کے لئے ارسال کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و اصلاحات نے سوشل میڈیا کے ذریعے ٹویٹ کیا ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور پسماندہ ترین علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان امیدواروں کے لئے آسانی پیدا کرنے کے لئے سی ایس ایس کی حد عمر میں اضافہ کیا گیا ہے۔

اس طرح وفاقی کابینہ میں سی ایس ایس امیدواروں کی عمر28سال سے بڑھا کر 30کرنے کی تجویز زیر غور تھی۔ تاہم گزشتہ روز کابینہ نے مشترکہ طور پر منظوری دے دی ہے اور وزیراعظم سے منظوری کے لئے سمری ارسال کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سی ایس ایس کے امیدواروں کی حد عمر میں اضافے کے لئے پہلے بھی وزیراعظم کو تجویز پیش کی گئی تھی مگر چند قانونی پیچیدگی کے پیش نظر وزیراعظم نے اس تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔