استنبول ایئرپورٹ پر پھنسے تمام پاکستانیوں کو سہولت فراہم کی گئی‘ تمام پاکستانی محفوظ طریقے سے واپس پہنچ چکے ہیں‘ دفتر خارجہ

پیر 18 جولائی 2016 10:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جولائی۔2016ء) ترکی میں حالیہ واقعات کے تناظر میں استنبول ایئرپورٹ پر پھنسے تمام پاکستانیوں کو سہولت فراہم کی گئی اور محفوظ طریقے سے پاکستان واپس پہنچ چکے ہیں۔ ترکی میں پاکستانی سفارتخانہ اور قونصلیٹ جنرل نے فوری طور پر دو ایمرجنسی ہیلپ لائنز قائم کیے اور استنبول اور اتاترک بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر عملے کو تعینات کیا تاکہ پاکستانیوں کے واپسی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔

اتوار کو دفتر خارجہ کی پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی مشن ترک ایئر لائنز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہا اور پاکستانی شہریوں کو واپس لانے کیلئے بڑے طیاروں اور اضافی پروازوں کا اہتمام کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ رات (16 جولائی) کو ترک ایئر لائنز کی چار پروازیں کراچی‘ لاہور اور اسلام آباد پہنچیں جن کے بارے میں میڈیا اور عوام کو آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ نے ترک ایئر لائن اور ترکی کے دیگر متعلقہ حکام کا مشن کو مدد اور تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ان تیزترین اقدامات کے نتیجے میں ترکی میں پھنسے تمام پاکستانیوں جن کی تعداد کئی سو تھی محفوظ طریقے سے وطن واپس لایا گیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترکی کے ہوائی اڈوں پر موجود پاکستانیوں کی مدد کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں اور تمام اقدامات کے حوالے سے خارجہ امور کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی کو مطلع رکھا گیا تھا۔ دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد ترک ایئر لائن مکمل طور پر معمول کی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کردی گئی اور اگر کوئی بقایا مسائل ہوئی بھی تو ان کو بھی حل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :