آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا پرامن،صاف،شفاف اور غیر جانبددارانہ انعقاد

کور ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں اعلیٰ سطح کانفرنس کا انعقاد کسی بھی شرپسند کو امن عامہ میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی،ووٹرز کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائیگی تاکہ وہ بلا خوف وخطر اپنی مرضی کیں امیدوار کو ووٹ ڈال سکیں،اجلاس میں فیصلہ انتخابات کے دورا ن پا ک فوج کے 22ہزار آفیسران اور جوان ، آزادکشمیر پولیس اور دیگر صوبوں سے 15ہزار سے زیادہ آفیسران اور جوان فرائض سرانجام دیں گے

منگل 19 جولائی 2016 10:44

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جولائی۔2016ء )کور ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پرامن،صاف،شفاف اور غیر جانبددارانہ انعقاد کے حوالہ سے گزشتہ روز اعلیٰ سطح کانفرنس منعقد کی گئی جس میں کور کمانڈر 10کور راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف الیکشن کمشنر آزادجموں و کشمیر جسٹس غلام مصطفی مغل، چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر سکندر سلطان راجہ،انسپکٹر جنرل پولیس بشیر میمن،سیکرٹری الیکشن کمیشن میاں نعیم اللہ ،جنرل آفیسرز کمانڈنگ 12ڈویثرن مری ،آرمی کے سینئر آفیسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دیگر سینئر آفیسران جو انتخابات کے دوران امن وامان کے قیام کے سلسلہ میں فرائض سرانجام دیں گے نے شرکت کی۔

اجلاس میں امن وامان کے قیام اور انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ،شفاف اور غیرجانبددارانہ انعقاد کے علاوہ آزادجموں و کشمیر پولیس ،آرمی اور دیگر صوبوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فراہم کردہ نفری کا تفصیلی جائزہ لیاگیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کسی بھی شرپسند کو امن عامہ میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

(جاری ہے)

ووٹرز کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائیگی تاکہ وہ بلا خوف وخطر اپنی مرضی کیں امیدوار کو ووٹ ڈال سکیں۔

اجلاس کے دوران الیکشن کے پراسس سے وابستہ جملہ افراد کو تنبیہ بھی کی گئی کہ اس مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کو صاف ،شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر ممکن اقدام عمل میں لائیں گے۔ انہوں نے اس حوالہ سے مکمل تیاری کر رکھی ہے اور وہ اس کے لیے جملہ اقدامات روبہ عمل لائیں گے۔اجلاس کے دوران ریاستی انتظامیہ ،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہونے کے بارہ میں اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس کے دوران شرپسند عناصر کو یہ تنبیہ بھی جاری کرنے کا فیصلہ ہوا کہ وہ اپنے مضموم مقاصد کے حصول کے لیے مہم جوئی سے باز رہیں۔ کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی بروقت سرکوبی کے علاوہ ایسے شرپسند عناصر کو نشان عبرت بنا یا جائیگا۔ اجلاس کے دوران تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے استدعا کی گئی کہ وہ الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی پابندی کے لیے اپنے اپنے طور پر ممکنہ اقدامات عمل میں لانے کے علاوہ اپنی پارٹی کے ورکرزاور دیگر اشخاص کو پابند بنائیں تاکہ انتخابات کے پرامن ،صاف ،شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔

اجلاس کے دوران میڈیا کو متعینہ سہولیات کا جائزہ لیا گیا اور سیکرٹری اطلاعات کو ہدایت کی گئی کہ وہ پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان سے رابطہ میں رہیں تاکہ انتخابات سے متعلق عوام الناس کو باخبر رکھا جا سکے۔اجلاس میں اس امر کا بھی اعادہ کیا گیا کہ قانون سازاسمبلی کے انتخابات کے دوران ووٹرز کو مکمل طور پر پرامن ماحول فراہم کیا جائیگا تاکہ وہ بلاخوف وخطر اپنی مرضی کے امیدوار کو ووٹ ڈال سکیں۔

یاد رہے کہ مورخہ21جولائی2016کو ہونے والے آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوران ماحول کو پرامن بنانے اور انتخابا ت کے صاف،شفاف اور غیرجانبدارانہ انعقاد کے لیے پاک فوج کے 22ہزار آفیسران اور جوان جبکہ آزادکشمیر پولیس اور دیگر صوبوں سے 15ہزار سے زیادہ آفیسران اور جوان فرائض سرانجام دیں گے۔