حکومت سندھ لاڑکانہ کے ٹھیکیدار اسد کھرل کی گرفتاری کے بعد پریشانی کا شکار

اسد کھرل کو گزشتہ شب حیدرآباد سے گرفتار کرنے کے بعد کراچی منتقل کیا گیا،نیب اور رینجرز نے تفتیش شروع کردی وزیر داخلہ سندھ کی اسد کھرل کو پولیس کی تحویل میں دینے کیلئے حکمت عملی تیاری کرنے کی ہدایت

ہفتہ 23 جولائی 2016 10:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23جولائی۔2016ء)حکومت سندھ لاڑکانہ کے ٹھیکیدار اسد کھرل کی گرفتاری کے بعد پریشانی کا شکار ہوگی ہے اب اہم راز طشت ازبام ہونے والے ہیں ، ذرائع نے بتایا ہے کہ اسد کھرل کو گزشتہ شب حیدرآباد سے گرفتار کرنے کے بعد کراچی منتقل کیا گیا ہے جہاں ان سے نیب اور رینجرز نے تفتیش شروع کردی ہے ، ذرائع نے بتایا ہے کہ اسد کھرل سے پچھلے 8 برسوں میں لاڑکانہ میں 117 ارب روپے کے ٹھیکوں کی تفصیلات کے بارے میں تفتیش کی جارہی ہے ، ذرائع کے مطابق ان سے دوسری تفتیش ان ایک درجن جرائم پیشہ افراد کے بارے میں کی جارہی ہے جن کی گرفتاری پر حکومت سندھ نے انعام مقررکررکھا ہے اس تفتیش کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ اسد کھرل کے خلاف مقدمہ یا ریفرنس دائر کیا جائے یا نہیں ان کی گرفتاری کے بعد حکومت سندھ کی اہم شخصیات پریشان ہوگئی ہیں کیونکہ انہیں 200 سے زائد افراد کے بڑے جلوس کے بعد تھانہ سے زبردستی چھڑادیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

ادھرسندھ میں حکومت اور سکیورٹی اداروں کے درمیان کشیدگی کی وجہ بننے والا اسد کھرل تاحال سکیورٹی فورسز کی تحویل میں ہے، وزیر داخلہ سندھ نے اسد کھرل کو پولیس کی تحویل میں دینے کے لئے حکمت عملی تیاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ لاڑکانہ میں سکیورٹی فورسز کی حراست سے فرار ہونے والے اہم ملزم اسد کھرل کو جمعرات کی شب حیدر آباد سے دوبارہ حراست میں لے لیا گیا تھا جس نے سندھ حکومت اور خصوصاً وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کو پریشان کر دیا ہے۔

وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے اسد کھرل کی گرفتاری کے بعد اہم اجلاس بلایا تھا مگر اجلاس وزیر داخلہ سندھ کی مصروفیات کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ سندھ نے آئی جی سندھ کو اسد کھرل کو پولیس کی تحویل میں لینے کی ہدایت کی ہے۔ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ اسد کھرل کو پولیس کی تحویل میں لیکر عدالت میں پیش کیا جائے اور اسد کھرل کی حوالگی کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائے۔ ذرائع کے مطابق، ڈی آئی جی حیدر آباد اس سلسلے میں قانونی نکات کا جائزہ لینے کے بعد حکام کو رپورٹ پیش کریں گے۔