عمران خان تحریک چلانے کی بجائے استعفے دے دیں، جاوید ہاشمی

حکومت قائم نہیں رہ سکے گی،وزیر اعظم قبل از وقت انتخابات کا اعلان کر سکتے ہیں، میڈیاسے گفتگو

ہفتہ 23 جولائی 2016 10:35

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23جولائی۔2016ء)بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان تحریک چلانے کی بجائے استعفے دے دیں حکومت قائم نہیں رہ سکے گی،وزیر اعظم قبل از وقت انتخابات کا اعلان کر سکتے ہیں،سیاستدان کے امتحان کا وقت ہے وہ سلجھی سیاست کریں وگرنہ آئین کے پرخچے اڑانے والوں کو موقع ملے گا،پاکستان میں مارشل لاء کے امکانات معدوم ہو چکے ہیں،فوج نے سندھ،بلوچستان،کے پی کے،افغانستان اوربھارت میں ایک سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنا آپ منوایا ہے،کشمیریوں نے سروں کی فصل بو کر کشمیر کی آزادی کی تاریخ لکھ دی ہے،بھارت سے تعلقات ختم کیے جائیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں میں حکیم عبدالمجید سلیمانی کے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چوہدری خلیل احمد گھمن،حکیم عبدالمجید سلیمانی،محمد عارف سعید،خالد محمود بھٹی،مسعود احمد نظامی،احمد عمر سلیمانی اور دیگر بھی موجود تھے۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان کو نئی حکمت عملی تیار کرنا ہو گی وہ سیاست کو سمجھنا ہی نہیں چاہتے ہیں،شوکت خانم ایک اچھا سماجی ادارہ ہے وہاں سے ایک عبدالستار ایدھی تو پیدا ہو سکتا ہے لیکن شوکت خانم سے کوئی وزیر اعظم پیدا نہیں ہو سکتاہے،شوکت خانم نے عمران خان کو جتنی شہرت دینا تھی دے دی ہے وہ اب عوام کے مسائل سمجھیں تحریکوں سے سڑکوں پر خون ہوگا اختلاف رائے کی خلیج وسیع ہو گی،جیلیں ہوں گی ایسے میں آئین کے پرخچے اڑانے والوں کو موقع ملے گا ،یہ سیاستدانوں کی آزمائش کا وقت ہے ،سیاستدان اکٹھے ہو کر سلجھی سیاست کریں ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کیلئے ابھی ڈیڑھ برس باقی ہے حلقوں میں جوڑ توڑ اور انتخابی سیاست کا آغاز ہو چکا ہے،الیکشن کیلئے حکمت عملی طے کرنا چاہیے،اپوزیشن کے پاس تو کوئی حکمت عملی نہیں ہے،سادہ فارمولہ یہ ہے کہ اداروں کو اپنا وقت پورا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ و زیر اعظم قبل از وقت انتخابات کا اعلان بھی کر سکتے ہیں،عمران خان اپنی ڈیڑھ سال کی تنخواہوں اور ٹی اے ڈے اے کی قربانیاں دیں وہ اسمبلی سے استعفے دے دیں دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی استعفے دے کر وزیر اعظم کو الیکشن پر مجبور کرسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مارشل لاء کے امکانات دوردور تک معدوم ہو چکے ہیں لیکن سیاستدان اپنی رسہ کشی میں عوام کو کسی ایسی جہنم میں نہ دھکیلیں کہ ملک بحرانوں کا شکار ہو جائے پاک فوج نے سندھ،بلوچستان،کے پی کے ،افغانستان اور بھارت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنا لوہا منوایا ہے سیاستدان خود ناکام ہوں نہ فوج کو ناکام کریں وہ سلجھی ہوئی سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں ۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ ترکی میں جو خون بہا وہ ناقابل تلافی ہے وہاں قوتیں ناکام ہوئیں تو کامیاب کون ہوا ہے،فوج کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا ترکی میں اب وہ ترکی تلاش کرنا پڑے گا جو ترقی کی جانب گامزن تھا اسکے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں جاوید ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کی کشمیر پالیسی ایک ہے،بھارت کے سابق وزیر اعظم واجپائی نے دو مرتبہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی لیکن پرویز مشرف جیسے طالع آزما کے آنے سے نقصان ہوا،اب کشمیریوں نے آزادی کی تاریخ لکھ دی اپنے سروں کی فصل بو دی ہے ،ایسے میں پاکستانی قیادت کی جانب سے کسی ٹھوس ردم کا آنا انتہائی افسوسناک ہے،مخدوم جاوید ہاشمی نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو بھارت سے تعلقات ختم کرکے اپنے سفارکاروں کو واپس بلوا لینا چاہیے۔