کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے رہنما ووزیر زینگ ژیاؤ سانگ کا بیجنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے اعزاز میں عشائیہ

چین کی ترقی کا بڑا راز اس کی پالیسیوں کے تسلسل میں مضمر ہے: شہبازشریف پاکستان کی سیاسی جماعتیں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہیں:وزیراعلیٰ کا عشائیہ سے خطاب کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیر کا پاکستان میں چینی انجینئرز اور باشندوں کی سکیورٹی کیلئے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار

پیر 25 جولائی 2016 10:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جولائی۔2016ء) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے رہنما ووزیر زینگ ژیاؤ سانگ (Mr. Zheng Xiaosong) نے بیجنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کا کردار تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے رہنماؤں نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا ہے کہ عزم، محنت، جذبے اور تسلسل کے ساتھ کام کیا جائے تو کوئی بھی رکاوٹ ترقی کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتی اور آج چین کو اقوام عالم میں جو پذیرائی حاصل ہے اس کا کریڈٹ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی قیادت کو جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کی ترقی کا بڑا راز اس کی پالیسیوں کے تسلسل میں مضمر ہے۔

(جاری ہے)

چین نے گزشتہ عشروں کے دوران اپنی پرعزم قیادت کے باعث غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کی لیڈرشپ کی جانب سے وزیراعظم محمد نوازشریف کی سربراہی میں پاکستان کی موجودہ قیادت پربھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اور اس ضمن میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا عظیم تحفہ چین کی قیادت کا پاکستان کی موجودہ لیڈرشپ پر اپنے بھرپور اعتماد اور پاکستانی عوام سے والہانہ محبت کے اظہار کا منہ بولتا ثبوت ہے جسے پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہیں کیونکہ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی باصلاحیت قیادت میں چین نے غیر معمولی ترقی کی منازل انتہائی تیزی سے طے کی ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے درمیان تعلقات فروغ پا رہے ہیں اور دونوں پارٹیوں کے مابین بڑھتے ہوئے روابط سے پاکستان اور چین کے عوام قریب سے قریب تر آرہے ہیں ۔

پارٹی کی سطح پر وفود کے زیادہ تبادلوں سے تعلقات کو نئی وسعت مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی مخلص اوربااعتماد دوست ہے۔ پاکستان کی حکومت اورعوام کو چین کی لازوال دوستی پر فخر ہے،دونوں ممالک کی دوستی باہمی احترام کے رشتوں میں بندھی ہوئی ہے۔ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے رہنما و وزیر زینگ ژیاؤ سانگ نے عشائیہ کی تقریب کے دوران اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی بیجنگ میں آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چین میں ٹیکنالوجی سمیت متعدد انڈسٹریز کو ترجیحی بنیادوں پر پاکستان منتقل کرنے کے بڑے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے پاکستان میں چین کے انجینئرز اور دیگر باشندوں کی سکیورٹی کیلئے بہترین انتظامات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان چین کے علاقائی تعاون کے منصوبے کا اہم رکن ہے اوراس ضمن میں پاکستان کو غیرمعمولی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ چین میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کے عوامی خدمت کے وژن کو پسند کیا جاتا ہے۔ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کو فروغ دینے میں شہبازشریف کا کردار قابل تعریف ہے۔ عشائیہ میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے وفد کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔