وزیراعلیٰ سندھ نے استعفیٰ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کو پیش کر دیا

قائم علی شاہ کے استعفیٰ کے بعد سندھ کابینہ ختم ہوگئی نئے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کے بعد ہفتے یا پیر کے روز سندھ کابینہ حلف اٹھائے گی تحریک انصاف نے خرم شیرزماں کو وزیراعلیٰ سندھ کا امیدوار نامزد کردیا

جمعرات 28 جولائی 2016 10:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27جولائی۔2016ء)وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے استعفیٰ کے بعد سندھ کابینہ ختم ہوگئی ہے جمعہ کے روز نئے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کے بعد ہفتے کے روز یا پیر کے روز سندھ کابینہ حلف اٹھائے گی نئے وزیر اعلیٰ اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے صلاح مشوروں کے بعد سندھ کابینہ کے ارکان کی حتمی فہرست تیار کر کے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو ارسال کریں گے تاکہ گورنر ہاوٴس میں حلف برداری کرائی جاسکے کابینہ کے ارکان کی حلف برداری کے بعد انہیں محکمے الاٹ کیے جائیں گے جس کے بعد سندھ کابینہ اپنا کام شروع کرے گی امکان ہے کہ نئی کابینہ منگل یا بدھ کے روز سے باضابطہ طور پرکام کا آغاز کریگی نامزد وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے پارٹی رہنماوٴں سے سندھ کابینہ کی تشکیل کے لیے صلاح مشورے تیز کردیے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنے عہدے کا استعفیٰ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو پیش کردیا ہے جو گورنر سندھ نے منظور کرلیا ہے بدھ کی شام وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ صوبائی وزراء نثار کھوڑو، سید ناصر حسین شاہ، منظور حسین وسان، مکیش کمار چاولہ کے ہمراہ گورنر ہاوٴس پہنچے اور ان کو پارٹی کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ پیش کیا نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بھی اس موقع پر موجودتھے، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے گورنرسندھ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے 8 برسوں میں ان کی حکومت کے ساتھ اچھی ورکنگ ریلیشن شپ قائم رکھی اور ہر اچھے اور مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل وقت میں حکومت سنبھالی اور اپنے 8 سالہ بہتر انداز میں گزارے اپنی پارٹی پالیسی کے عین مطابق مفاہمت کے ساتھ سب کو ساتھ لے کر چلے۔

سندھ میں نئے وزیراعلیٰ سندھ کے انتخاب کیلئے اپوزیشن تاحال فیصلہ نہ کرسکی تاہم تحریک انصاف نے خرم شیرزماں کو وزیراعلیٰ سندھ کا امیدوار نامزد کردیا ہے، جب دبئی اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے استعفیٰ کا اعلان کیا گیا تھا تو اسی وقت سید مراد علی شاہ نے دبئی میں ہی مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرپگارا سے ملاقات کی تھی مراد علی شاہ کے مطابق پیرپگارانے انہیں حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی مگرگزشتہ روز گرینڈ ڈیموکرٹیک کا اجلاس کراچی میں ہوا جس میں مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما وفاقی وزیر سید صدرالدین شاہ نے کہا تھا کہ مسلم لیگ فنکشنل کسی بھی طور پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کی حمایت نہیں کریں گی، پیرپگارا نے مراد علی شاہ سے ملاقات کی تھی مگر حمایت کا یقین دہانی نہیں دلایا تھا ابھی تک ایم کیو ایم نے بھی کسی امیدوار کی حمایت کرنے یا اپنا امیدوار لانے کا اعلان نہیں کیا اس طرح مسلم لیگ (ن )نے بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔