داعش یوم آزادی پر لال قلعے میں خطاب کے دوران وزیراعظم مودی پر حملہ کرسکتی ہے ،بھارتی میڈیا کا دعویٰ

داعش مودی پر حملے کیلئے چھوٹے ڈرون طیارے استعمال کر سکتی ہے، ممکنہ دہشت گرد حملے کی نشاندہی پکڑی گئی ایک ٹیلی فون کال سے کی گئی ، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سیکیورٹی اداروں نے کسی بھی دہشت گردحملے سے نمٹنے کے لئے خصوصی مشقیں بھی شروع کر دیں،لال قلعے کے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر موجود تمام عمارتوں پر اسپیشل کمانڈوز تعینات کئے جائیں گے ، داعش اور دیگر گروپ مودی پر مشترکہ حملہ کر سکتے ہیں ،القاعدہ اور داعش بھارتی فوج اور پولیس کو بھی نشانہ بنانے کی تیاری کررہی ہے معروف بھارتی اخبار ”ٹائمز آف انڈیا “ کی رپورٹ

ہفتہ 30 جولائی 2016 10:49

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30جولائی۔2016ء)بھارتی میڈیا نے انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ داعش رواں سال 15اگست کو یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کو لال قلعے میں تقریب کے موقع پر نشانہ بنا سکتی ہے، داعش مودی پر حملیکیلئے چھوٹے ڈرون طیارے استعمال کر سکتی ہے، ممکنہ دہشت گرد حملے کی نشاندہی پکڑی گئی ایک ٹیلی فون کال سے کی گئی ، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سیکیورٹی اداروں نے کسی بھی دہشت گردحملے سے نمٹنے کے لئے خصوصی مشقیں بھی شروع کر دیں۔

بھارت کے معروف اخبار ”ٹائمز آف انڈیا “نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کے شدید خدشات موجود ہیں کہ داعش اس سال 15اگست کو یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کو لال قلعے میں تقریب کے موقع پر نشانہ بنا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

بھارت میں حملوں کی رپورٹ پر سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیے گئے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔

انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سیکیورٹی اداروں نے کسی بھی دہشت گردحملے سے نمٹنے کے لئے خصوصی مشقیں بھی شروع کر دی ہیں اور اس کے لئے خاص تیاریاں کی جارہی ہیں جس کی اس سے پہلے کہیں مثال نہیں ملتی ۔ لال قلعے کے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر موجود تمام عمارتوں پر اسپیشل کمانڈوز تعینات کئے جائیں گے جس کے لئے تیاری کی جا رہی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے یوم آزادی کی پچھلی دو تقاریب کے دوران عین وقت پر بلٹ پروف شیشے سے نکل کر خطاب کیا تھا جس پر انٹیلی جنس ایجنسیوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور بھارت کے اسپیشل پروٹیکشن گروپ نے حکومت کو اب انتہائی سختی سے خبردار کیا ہے کہ اس سال دہشت گردی کے انتہائی شدید خطرے کے پیش نظر یوم آزادی پر نریندر مودی کا خطاب ہر صورت بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے کرایا جائے ۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ داعش نریندر مودی پر حملے کے لئے چھوٹے ڈرون طیارے استعمال کر سکتی ہے ۔ ممکنہ دہشت گرد حملے کی نشاندہی ایک ٹیلی فون کال سے کی گئی ہے جسے انٹرسپٹ کیا گیا تھا ۔ داعش اور دیگر گروپ مودی پر مشترکہ حملہ کر سکتے ہیں ۔القاعدہ اور داعش بھارتی فوج اور پولیس کو بھی نشانہ بنانے کی تیاری کررہی ہے ۔ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کر دی گئیں ۔

ایک سال قبل جولائی میں پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے بھی ایک رپورٹ میں داعش کی جانب سے بھارت میں کسی بڑے حملے کی نشاندہی کی تھی ۔پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے امریکی اداروں سے ملنے والی رپورٹ کے حوالے سے کہا تھا کہ داعش بھارت کے اندر بڑی جنگ چھیڑنے کی تیاری کر رہی ہے اور داعش حملے کے لئے طالبان اور دیگر گروپوں کو ساتھ ملائے گی ۔ جنوبی ایشیا کے شدت پسند بھارت پر حملے کو مقدس مشن سمجھتے ہیں ۔