ڈھاکہ کیفے حملہ میں کسی پاکستانی کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے،بنگلہ دیشی سفیر

بنگلہ دیش کا بھارت نواز ہونے کا تاثر غلط ہے،پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر کررہے ہیں،پاک بنگلہ رابطہ اور تعاون کو بڑھانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حق میں ہوں،بنگلہ دیش میں رہنے والے بہاریوں کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہورہی،خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو

اتوار 31 جولائی 2016 11:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جولائی۔2016ء) بنگلہ دیش کے پاکستان میں سفیر طارق احسن نے کہا ہے کہ حال ہی میں ڈھاکہ کے کیفے میں ہونے والے حملہ میں تمام حملہ اور بنگلہ دیشی تھے اور اسے حملہ سے کسی بھی پاکستانی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے پاکستان کے دورہ کے حق میں ہوں۔ بنگلہ دیش میں رہنے والے پاکستانی بہاریوں کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہورہی ہے۔

بنگلہ دیش کے حوالے سے بھارت نواز ہونے کا تاثر غلط ہے۔ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر کررہے ہیں۔ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تجارت کا توازن پاکستان کے حق میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بنگلہ دیشی سفیر طارق احسن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے پوش علاہ کے کیفے میں حال ہی میں ہونے والے حملہ میں کسی بھی پاکستانی کے ملوث ہونے کے ابھی تک شواہد نہیں ملے اور حملہ میں ملوث تمام حملہ آوروں کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ بنگلہ دیش کے قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کی تحقیقات ابھی کررہے ہیں کہ ان حملہ آوروں نے کسی باہر کے ملک سے مدد تو نہیں لی ہے انہوں نے بنگلہ دیش کے بھارت نواز ہونے کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ہم بنگلہ دیشی صرف بنگلہ دیش نواز ہیں۔ ہمارا بھارت کی طرف جھکاؤ نہیں لیکن بھارت ہمارا پڑوسی ملک ہے اور اس کے ساتھ ہماری لمبی سرحد ہے اور اس وجہ سے بھی بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے بگڑتے تعلقات کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے بنگلہ دیش کے سفیر نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات اور مراسم کے خواہاں ہیں اور اس ضمن میں دونوں ممالک کے درمیان رابطہ اور تعاون کو بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بنگلہ دیش میں بہاریوں کے ساتھ ناروا سلوک کے حوالے سے بنگلہ دیشی سفیر نے کہا کہ بنگلہ دیش میں ان کے ساتھ ناروا سلوک کرنے کی خبروں میں صداقت نہیں۔

بنگلہ دیش میں ان کے ساتھ اچھا سلوک رکھا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے وہ وہاں پر 45 سالوں سے امن اور عزت سے زندگی گزار رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے ان میں سے زیادہ تر وہاں پر ہی رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا توازن پاکستان کے حق میں ہے جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے تقریباً پچاس کروڑ روپے کی برآمدات کررہے ہیں ۔ پاکستان کی برآمدات بنگلہ دیش سے کہیں زیادہ ہیں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کے تبادلوں اور تجارتی میلوں کے ذریعہ تجارت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

طارق احسن نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی تجارت کی مشترکہ کونسل کو دوبارہ بحال کرنے اور تاجروں کے چیمبروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے حق میں ہیں۔ میں اس حق میں بھی ہوں کہ بنگلہ دیش کی بندرگاہ چٹاگانگ اور کراچی بندرگاہ کے درمیان جہاز رانی کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بنگہ دیش کو کرکٹ ٹیم کے پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے کہا کہ بنگلہ دیش میں کرکٹ ٹیم کے پاکستان میں کھیلنے کے حق میں ہوں جبکہ گزشتہ سال بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان اور حالات پر منحصر ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کر سکتے ہیں۔ بنلگہ دیش کی موجود وزیر اعظم شیخ حسینہ کی جانب سے جماعت اسلامی اور دیگر گروپس کو سیاسی قوتیں تسلیم نہ کرنے کے حوالے سے بنگلہ دیشی سفیر نے کہا کہ موجودہ بنگلہ دیش حکومت کو ترقی حاصل کرنے کو بہت اہمیت دے رہی ہے۔

جس وجہ سے حکومت وہاں پر تشدد اور دہشت گردی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کر سکتی۔ وہاں قانون نافذ کرنے والے ادارے جو بھی تشدد اور دہشت گردی میں ملوث ہیں اس کے خلاف بلا تفریق کارروائیکرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت ‘ سرمایہ کاری ‘ شپنگ‘ ثقافت و زراعت ‘ تعلیم اور سائنس کے شعبہ جات کو فروغ دینے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں رابن ناتھ ٹیگور اور قاضی نطر الاسلام کی شاعری پسند ہے۔ دنیا میں سب سے اچھا شہر جکارتہ اور پاکستان میں اسلام آباد شہر پسند ہیں پاکستانی کھانوں میں مختلف اقسام کی بریانی اور پہناوے میں شیروانی پسند ہے۔