اسلام آباد، تحریک انصاف کی پارٹی قیادت کا اعلیٰ سطحی اور اہم اجلاس، پانامہ لیکس کی تحقیقات اور 7 اگست سے ملک گیر احتجاجی تحریک کے اہم پہلووٴں پر غور

سات اگست سے پاکستان میں ایک نئی تاریخ کا نکتہ آغاز ہو گا،پاکستان تاریخ کے اہم ترین دوراہے پر کھڑا ہے،ترکی میں سیاستدانوں سے بڑھ کر عوام نے جمہوریت کی حفاظت کی جبکہ پاکستان میں کرپٹ اور بدعنوان سیاسی ٹولہ جمہوریت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے ،عمران خان تحریک انصاف 7 اگست کو پشاور سے براستہ اٹک پنجاب میں داخل ہوگی، ریلی کا مقصد عوام میں کرپشن کے خلاف شعور کی بیداری اورحکومت پر پانامہ لیکس کی تحقیقات میں پہلے وزیر اعظم نواز شریف اور انکے خاندان کا احتساب کرنے کے لئے دباو بڑھانا ہے،نعیم الحق

پیر 1 اگست 2016 10:22

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم اگست ۔2016ء )چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے اہم ترین دوراہے پر کھڑا ہے۔ترکی میں سیاستدانوں سے بڑھ کر عوام نے جمہوریت کی حفاظت کی جبکہ پاکستان میں کرپٹ اور بدعنوان سیاسی ٹولہ جمہوریت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔سات اگست سے پاکستان میں ایک نئی تاریخ کا نکتہ آغاز ہو گا۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف 7 اگست کو پشاور سے براستہ اٹک پنجاب میں داخل ہوگی۔ ریلی کا مقصد عوام میں کرپشن کے خلاف شعور کی بیداری اورحکومت پر پانامہ لیکس کی تحقیقات میں پہلے وزیر اعظم نواز شریف اور انکے خاندان کا احتساب کرنے کے لئے دباو بڑھانا ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تحریک انصاف کی پارٹی قیادت کا اعلیٰ سطحی اور اہم اجلاس بنی گالہ میں ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کی۔اہم اجلاس میں پانامہ لیکس کی تحقیقات اور 7 اگست سے شروع ہونے والی ملک گیر احتجاجی تحریک کے حوالے سے اہم پہلووٴں پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران پارٹی رہنماوں سے خطاب میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے اہم ترین دوراہے پر کھڑا ہے،کرپٹ اشرافیہ یا مستحکم جمہوریت میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ترکی میں سیاستدانوں سے بڑھ کر عوام نے جمہوریت کی حفاظت کی،پاکستان میں کرپٹ اور بدعنوان سیاسی ٹولہ جمہوریت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔عمران خان نے کہا کہ قوم کی امیدوں کا واحد مرکز تحریک انصاف ہے اور7 اگست سے پاکستان میں ایک نئی تاریخ کا نکتہ آغاز ہو گا۔ انھوں نے ذور دیتے ہوئے کہا کہ خیبر سے کراچی تک عوام کو متحرک کریں گے اور وزیر اعظم کو قانون کے تابعداری پر مجبور کریں گے۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں مزکری سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے بتایا کہ پارٹی کے اہم اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ پانامہ لیکس کے حوالے سے عوامی تحریک اور تمام آئینی و قانونی طریقہ کار اور حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔انھوں نے بتایا کہ سات اگست کو حکومت مخالف تحریک کا آغاز پشاور سے ریلی کی صورت میں سے کیا جارہا ہے جس میں چئیرمین عمران خان اور پارٹی قیادت شرکت کرے گی۔

انھوں نے مزید بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف انصاف کے حصول کے لئے ہر دروازہ کھٹکھٹائے گی۔ الیکشن کمیشن میں وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف دائر ریفرنس کی بھی سماعت پانچ اگست کو ہورہی ہے جبکہ پارٹی قیادت نعیم بخاری کی تیار کردہ پٹیشن سپریم کورٹ میں دائر کرنے پر بھی غور کررہی ہے۔ نعیم الحق نے مزید کہا کہ چھ اگست کو حکومت نے ٹی آوآر کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں شرکت کریں گے اور کمیٹی اجلاس میں حکومتی رویہ دیکھ کر آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پارٹی انتخابات پر بھی مشاورت کی گئی کل تک سندھ اور خیبرپختونخوا میں نئے تنظیمی عہدوں کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا اعلان جلد ہو جائیگا۔ نعیم الحق نے مسئلہ کشمیر پر ذور دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کی۔ ترجمان تحریک انصاف نیعالمی برادری پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنے پر ذور دیا۔اجلاس میں جہانگیر ترین، نعیم الحق، شیریں مزاری، سیف اللہ نیازی، اسد قیصر،چوہدری سرور، نعیم بخاری سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔