بعض سیاسی مخالفین کو خوف ہے کہ ترقیاتی منصوبے مکمل ہوگئے توان کی سیاست ختم ہوجائے گی:شہبازشریف

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت، معیاراور برق رفتاری ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا کلچر متعارف کرایاہے شکست خوردہ سیاسی عناصرپھرکنٹینر سیاست سے تیزرفتار ترقی کے عمل کو روکنے کے د رپے ہیں وفاقی حکومت اورپنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کر کے نئی روایت ڈالی ہے:وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 8 اگست 2016 10:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8اگست۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتی ہے اور مسلم لیگ(ن) کی سیاست عوامی خدمت اورملک کی ترقی وخوشحالی کی سیاست ہے ۔منتخب حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لئے دن رات کام کر رہی ہے اور 3سال ہر شعبے میں بہتری لانے کے لئے بے پناہ محنت سے کام کیاگیا ہے لیکن بعض سیاسی عناصر صرف ذاتی مفادات کی خاطرعوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں میں ایک بار پھررکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں اورشکست خوردہ سیاسی عناصر ایک بار پھرکنٹینر سیاست سے تیزرفتار ترقی کے عمل کو روکنے کے د رپے ہیں اورقوم جان چکی ہے کہ ان عناصر کو عوام کی فلاح و بہبود سے کوئی سروکار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جب وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے تو بعض سیاسی عناصر پھر بلوں سے باہر نکل آئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کے باشعور عوام ایسے سیاسی عناصر کے جھانسے میں پہلے آئے، نہ اب آئیں گے۔ جمہوریت میں فیصلے سٹرکوں پرنہیں بلکہ پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں۔دھرنا اورانتشار کی منفی سیاست کے باوجود عوامی خدمت کا مشن ہر حال میں پورا کریں گے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر وسائل عوام کی ترقی و خوشحالی اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے پروگراموں پر نہایت شفاف انداز میں صرف کئے جارہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت، معیاراور برق رفتاری کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا کلچر متعارف کرایاہے اوراس ضمن میں تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی لازم قراردیا گیا ہے جس سے منصوبوں پر عملدر آمد میں شفافیت کو فروغ ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور سماجی ترقی کے دیگر شعبوں میں میگا پراجیکٹس مکمل کئے گئے ہیں جن سے صوبے کے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ غریب طبقات کی فلاح اور غریب گھرانوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے متعدد پروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اتریگی اوران سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریگی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت اورپنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کر کے نئی روایت ڈالی ہے اورپاکستان کی تاریخ میں منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر شبانہ روزکام ہورہا ہے اوریہ منصوبہ اپنی مثال آپ ہوگا،اس عظیم منصوبے کی تکمیل سے عوام کوبین الاقوامی معیار کی جدید سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بعض سیاسی مخالفین پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں سے خائف ہیں اوران سیاسی عناصرکو خوف ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ان کی سیاست ختم ہو جائیگی لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت کامحور عوام کی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہے اوران منصوبوں کی تکمیل کے لئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے گی۔احتجاجی سیاست کرنے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے اورپاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :