راولپنڈی،جاسوسی کے الزام میں بلیک لسٹ امریکی شہری میتھیو بریٹ کے جسمانی ریمانڈ میں 3یوم کی توسیع

12اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم

بدھ 10 اگست 2016 11:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اگست۔2016ء )سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ ایف آئی اے نوید اقبال تارڑ نے جاسوسی کے الزام میں بلیک لسٹ قرار دے کر پاکستان بدر کئے جانے کے باوجود دوبارہ پاکستان آمد کے بعدگرفتار امریکی شہری میتھیو بریٹ کے جسمانی ریمانڈ میں 3یوم کی توسیع کرتے ہوئے 12اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ایف آئی اے نے 3روزہ ابتدائی ریمانڈ ختم ہونے پر منگل کے روز دوبارہ عدالت میں پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ داخلے کے باوجودمیتھیو کے پاکستان داخلے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں کہ یہ دوبارہ پاکستان کس مقصد کے لئے آیا اس حوالے پر کسی نتیجے پر پہنچنے کے لئے مزید ریمانڈ جاری کیا جائے اس موقع پرمیتھیو بریٹ نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ وہ قانونی ویزے پر پاکستان آیا ہے اور ہوسٹن میں پاکستانی سفارتخانے نے اسے ویزہ جاری کیا ہے اس نے پاکستان میں شادی کر رکھی ہے اور اسکے 2بچے اور بیوی ہے میتھیو نے مزید بتایا کہ سپریم کورٹ نے اس کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے اور تمام مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد وہ ویزہ لے کر پاکستان آیا یاد رہے کہ میتھیو بیرٹ کو بلیک واٹر کا رکن اور پاکستان میں حساس تنصیبات کی جاسوسی میں ملوث ہونے کی بنا پر 2011میں پاکستان سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا لیکن ملزم نام اور حلیہ بدل کر ترکش ائر لائن کی پرواز پر رواں ماہ 3اگست کی علی الصبح دوبارہ اسلام آباد ائر پورٹ پہنچ گیا اور بحفاظت ائر پورٹ کے احاطہ سے بھی باہر نکل گیاتھاجس پروفاقی وزیر داخلہ چو ہدری نثار علی خان نے میتھیو بیریٹ کی پا کستان میں داخلہ کے وقت بے نظیر انٹر نیشنل ائر پورٹ پر ڈیوٹی پر موجود پو ری شفٹ کو غفلت کا مظاہرہ کر نے پر معطل کر دیا تھا جبکہ ائر پورٹ شفٹ انچارج و ایف آئی اے سب انسپکٹرراجہ آصف رضااور کا نسٹیبل احتشام الحق کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا تھاجن میں سے سب انسپکٹرراجہ آصف رضا عبوری ضمانت پر ہے۔